کورونا وائرس کے پھیلاو کو محدود کرنے لئے حالیہ لاک ڈاون کے نفاذ کے دوران بھی روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف نے اپنی خدمات کو جاری رکھتے ہوئے کربلا گورنریٹ میں متاثرہ خاندانوں میں (1500) سے زیادہ فوڈ پیکٹس تقسیم کئے ہیں۔ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف کی جانب سے یہ فوڈ پیکٹس حضرت زینب الکبری(سلام الله عليه) کے یوم شہادت کے موقع پر کربلا کے ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف کے سربراہ انجینئر عادل الحمامی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "حضرت عباس علیہ السلام کا مضیف اپنی روایت کے مطابق شب جمعہ سمیت مختلف مناسبات پر زائرین اور عزاداروں میں کھانا تقسیم کرتا ہے اور حالیہ لاک ڈاون کے باعث روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف نے حرم مطہر کے متولی شرعی سید احمد صافی کی ہدایت اور حضرت زینب الکبری(سلام الله عليه) کے یوم شہادت کی مناسبت پر کربلا کے غریب خاندانوں میں فوڈ پیکٹس تقسیم کئے ہیں۔ "
انہوں نے مزید کہا ، " یہ کھانا مضیف کے باورچی خانے میں پکایا گیا تھا، اور پھر اس کھانے کے پارسلز جن میں پھل اور دودھ بھی شامل تھا، تیار کئے گئے، جنھیں مضیف کی گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے کربلا کے غریب اور لاک ڈاون سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔"
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف نے اپنی سابقہ مہمات کے تسلسل میں کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائنز پر موجود سیکیورٹی فورسز جو کورونا وائرس کے پھیلاو کو محدود کرنے لئے احتیاطی لاک ڈاون کے دوران خدمات پیش کر رہے تھے، کو بھی سینکڑوں فوڈ پارسلز مہیا کئے تھے۔