اعلی دینی قیادت کے دفتر کی طرف سے آیت اللہ سیستانی اور پوپ فرانسس کے درمیان ملاقات کے بارے میں بیان

آج صبح بروز ہفتہ (21 رجب 1442 ھ) بمطابق (6 مارچ 2021ء) کو اعلی دینی قیادت کے نجف میں قائم مرکزی دفتر کی طرف سے پوپ فرانسس خورخے ماریو برگولیو کی آمد اور اعلی دینی قیادت سے ملاقات کے بارے میں پریس ریلیز جاری کی گئی ہے کہ جس میں کہا گيا ہے:

آج صبح اعلی دینی قیادت آیت العظمی سید علی سیستانی (دام ظلہ الوارف) سے کیتھولک چرچ کے پوپ فرانسس اور ویٹی کن کے سربراہ نے ملاقات کی ہے۔

اس ملاقات میں عصر حاضر میں انسانیت کو درپیش چیلیجز اور اس کا مقابلہ کرنے میں اللہ اور اس کی رسالت پر ایمان اور بلند اخلاقی اقدار کی پابندی کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلی دینی قیادت نے مختلف ممالک میں موجود ظلم وستم، غربت، دینی وفکری تنزلی، بنیادی آزادیوں پر پابندی اور معاشرتی ناانصافی اور خاص طور پر اس خطہ میں مختلف اقوام اور فلسطینی عوام کو جنگوں، شدت پسندی، معاشی پابندیوں اور ہجرت وغیرہ جیسی درپیش مشکلات کا ذکر کیا۔

اعلی دینی قیادت نے ان مصائب ومشکلات کی روک تھام کے لیے مذہبی اور روحانی پیشواؤں کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں متعلقہ فریقوں (خاص طور پر بڑی طاقتوں) پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ استدلال اور دانائی کو ترجیح دیں، جنگ کی زبان سے گریز کریں، دوسری اقوام کی آزادی اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے حقوق کی قیمت پر اپنے ذاتی مفادات کے لیے توسیع پسندی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے تمام معاشروں میں مختلف مذاہب اور نظریاتی رجحانات کے پیروکاروں کے حقوق کی حفاظت اور باہمی احترام پر مبنی ہم آہنگی، پرامن بقائے باہمی اور انسانی یکجہتی کی اقدار کو مستحکم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے عراق کی مکانت ومنزلت، اس کی شاندار تاریخ اور اس کے مختلف افکار و نظریات سے وابستہ مہمان نواز وسخی عوام کا بھی ذکر کیا۔ اسی طرح انھوں نے اپنی ان کاوشوں کا بھی ذکر کیا جن کی بدولت مسیحی شہری باقی تمام عراقی عوام کی مانند سلامتی و امن اور اپنے آئینی حقوق کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سالوں کے سانحات کے دوران مسیحی برادری اور ظلم وستم کا شکار ہونے والے دیگر لوگوں کی حفاظت وحمایت کے سلسلہ میں دینی مرجعیت کے کردار کی طرف بھی اشارہ کیا خاص طور پر اس عرصے کے دوران کہ جس میں دہشت گردوں نے عراقی صوبوں کے متعدد علاقوں پر قبضہ کیا اور وہ وہاں ایسے مجرمانہ کام کیے کہ جس سے انسانیت کی جبین جھک جاتی ہے۔

اعلی دینی قیادت نے پوپ فرانسس، کیتھولک چرچ کے پیروکاروں اور پوری بشریت کے لیے خیر وخوشحالی جیسی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور نجف اشرف آنے اور اس ملاقات کے لیے سفر کی تکلیف اٹھانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا۔

21 / رجب / 1442 ہجری

مرکزی دفتر آیت اللہ العظمی سید سیستانی، نجف اشرف
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: