آج صبح بروز ہفتہ (21 رجب 1442 ھ) بمطابق (6 مارچ 2021ء) کو اعلی دینی قیادت آیت العظمی سید علی سیستانی (دام ظلہ الوارف) سے پوپ فرانسس اور ویٹی کن کے سربراہ خورخے ماریو برگولیو نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں اعلی دینی قیادت نے دنیا میں مصائب ومشکلات کی روک تھام کے لیے مذہبی اور روحانی پیشواؤں کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں متعلقہ فریقوں (خاص طور پر بڑی طاقتوں) پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ وہ استدلال اور دانائی کو ترجیح دیں، جنگ کی زبان سے گریز کریں، دوسری اقوام کی آزادی اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے حقوق کی قیمت پر اپنے ذاتی مفادات کے لیے توسیع پسندی سے اجتناب کریں۔
انہوں نے تمام معاشروں میں مختلف مذاہب اور نظریاتی رجحانات کے پیروکاروں کے حقوق کی حفاظت اور باہمی احترام پر مبنی ہم آہنگی، پرامن بقائے باہمی اور انسانی یکجہتی کی اقدار کو مستحکم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔