آج صبح بروز ہفتہ (21 رجب 1442 ھ) بمطابق (6 مارچ 2021ء) کو اعلی دینی قیادت آیت العظمی سید علی سیستانی (دام ظلہ الوارف) سے پوپ فرانسس اور ویٹی کن کے سربراہ خورخے ماریو برگولیو نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں اعلی دینی قیادت نے عراق کی مکانت ومنزلت، اس کی شاندار تاریخ اور اس کے مختلف افکار و نظریات سے وابستہ مہمان نواز وسخی عوام کا ذکر کیا۔ اسی طرح انھوں نے اپنی ان کاوشوں کا بھی ذکر کیا جن کی بدولت مسیحی شہری باقی تمام عراقی عوام کی مانند سلامتی و امن اور اپنے آئینی حقوق کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سالوں کے سانحات کے دوران مسیحی برادری اور ظلم وستم کا شکار ہونے والے دیگر لوگوں کی حفاظت وحمایت کے سلسلہ میں دینی مرجعیت کے کردار کی طرف بھی اشارہ کیا خاص طور پر اس عرصے کے دوران کہ جس میں دہشت گردوں نے عراقی صوبوں کے متعدد علاقوں پر قبضہ کیا اور وہ وہاں ایسے مجرمانہ کام کیے کہ جس سے انسانیت کی جبین جھک جاتی ہے۔
اعلی دینی قیادت نے پوپ فرانسس، کیتھولک چرچ کے پیروکاروں اور پوری بشریت کے لیے خیر وخوشحالی جیسی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور نجف اشرف آنے اور اس ملاقات کے لیے سفر کی تکلیف اٹھانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا۔