روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مہمان خانہ (مضیف) میں روزانہ ہزاروں اور مخصوص مناسبات پر لاکھوں زائرین کرام کو کھانا کھلانے کے لئے مالی ضروریات کو کیسے پورا کیا جاتا ہے؟

مہمان خانہ (مضیف)روضہ مبارک حضرت عباس (ع)
مہمان خانہ (مضیف) بھی روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ان سیکشنوں میں سے ایک سیکشن ہے کہ جو دوسرے سیکشنوں کی طرح ہر ممکن طریقہ سے زائرین کرام کی خدمت میں سر گرمِ عمل ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مہمان خانہ (مضیف) کی طرف سے سر انجام دی جانے والی خدمات کی تعریف ہر خاص و عام کے منہ سے سنی جاتی ہے اور ہر آنے والے زائر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مہمان خانہ( مضیف) میں بیٹھ کر تبرک تناول کرے۔ بعض لوگ پوچھتے ہیں کہ عام دنوں میں روزانہ ہزاروں اور خاص دینی مناسبات پر لاکھوں کی تعداد میں آنے والے زائرین کے لیے مہمان خانہ (مضیف) کا سیکشن کھانا مہیا کرنے کے لیے اپنی مالی ضروریات کیسے پوری کرتا ہے؟....
مہمان خانہ(مضیف) سیکشن کے سربراہ الحاج کاظم عبادة نے اسی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: مہمان خانہ(مضیف) سیکشن زائرین کے لیے روزانہ کھانا مہیا کرنے کے لیے اپنی ضروریات کو بنیادی طور پر دو مصدروں سے پوری کرتا ہے: ان میں سے پہلا مصدر مالی سیکشن سے ماہانہ ایڈوانس پیسوں کی وصولی ہے کہ جس کا حساب کتاب ہر ماہ مالی سیکشن اور دوسرے متعلقہ سیکشنوں اور شعبوں کو دے دیا جاتا ہے اور دوسرا بنیادی مصدر روضہ مبارک میں دئیے جانے والے عطیات، نذرانے اور منتوں کے وہ پیسے یا سامان ہے کہ جو خاص طور پر زائرین کے کھانے کے لیے دئیے گئے ہوتے ہیں اور دینے والے ان پیسوں یا سامان کو فقط زائرین کے کھانے میں استعمال کرنے کے لیے کہا ہوتا ہے۔ الحاج کاظم عبادة نے بتایا کہ ہمارے سیکشن میں کھانے کے لیے آنے والے پیسوں اور سامان کو منظم اور بہتر طریقہ سے استعمال کرنے، زائرین کے لیے کھانے کو پیش کرنے اور دوسرے متعلقہ امور کی انجام دہی میں کسی بھی خلل اور کوتاہی سے بچنے کے لیے سیکشن کا مالیات اور محاسبہ کا شعبہ ہر کام پر نظر رکھتا ہے اور روزانہ تمام امور کا حساب کتاب تیار کرتا ہے تا کہ سیکشن کے ارکان شرعی طور پر اپنی ذمہ داری اور فرائض کی انجام دہی کا یقین حاصل کر سکیں۔
یہ بات واضح رہے کہ عراق میں موجود مقدس مقامات اور روضوں میں سب سے پہلے حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک میں زائرین کو کھانا کھلانے کے لیے مہمان خانہ (مضیف) کا شعبہ 1980ء میں کھولا گیا لیکن صدامی حکومت کی طرف سے تھوڑے عرصے کے بعد جبری طور پر اس مہمان خانہ کو بند کروا دیا گیا اور اس مہمان خانہ (مضیف) کو حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کو قید کرنے کے لیے جیل میں تبدیل کر دیا گیا۔ پھر جب 1991 میں عراقی عوام نے صدامی حکومت کے خلاف انقلاب برپا کیا کربلا اور دوسرے شہروں کو صدامی حکومت سے آزاد کروایا تو دوبارہ اس مہمان خانہ (مضیف) کو زائرین کو تبرک کھلانے کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا لیکن جب صدامی حکومت نے سامراجی طاقتوں کی مدد اور بہت بڑے پیمانے پر کروڑں لوگوں کے قتل عام کے بعد دوبارہ سے تمام شہروں پر قبضہ کیا تو مضیف (مہمان خانہ) کو پھر سے بند کر دیا گیا اور سن 2003ء تک یہ مہمان خانہ (مضیف) بند رہا اور جب 2003ء میں صدامی حکومت کا خاتمہ ہوا اور روضہ مبارک کا اداری نظام دینی مرجعیت کے ہاتھوں میں آیا تو باقاعدہ طور پر سن 2004ء میں حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے مہمان خانہ (مضیف) کو بھر پور طریقہ سے دوبارہ کھول دیا گیا اور زائرین پھر سے حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک سے متبرک کھانا حاصل کرنے لگے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: