عراق کے وزیر صحت جناب حسن التمیمی نے ڈپٹی گورنر کربلا اور ڈائریکٹر کربلا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ہمراہ بروزجمعہ (12 شعبان 1442 ہجری) بمطابق (26 مارچ ، 2021 ء) کو روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) میں حاضری دی۔
مراسمِ زیارت ادا کرنے کے بعد وزیر صحت نے روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے سیکریٹری جنرل سید محمد اشیقر اور مجلس ادارہ کے بعض ارکان سے ملاقات کی اور نیمہ شعبان کی زیارت کی مناسبت پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے اپنائے گئے حفاظتی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے سیکریٹری جنرل سید محمد اشیقر نے وزیرصحت کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے کورونا وبا کی روک تھام کے لئے ریاست اورطبی اداروں کو فراہم کردہ معاونت جس میں ملک کے کئی شہروں میں کورونا یونٹس کی تعمیر، جراثیم کش مہمات، ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن پلانٹس کا قیام، دیگرطبی اشیاء کی فراہمی اور وائرس سے آگاہی کے لئے رہنمائی وتعلیمی اقدامات شامل ہیں، کے بارے میں بھی بات کی۔