امام زمانہ(عج) کی 1187ویں سالگرہ کی مناسبت سے کربلا میں مقام امام مہدی(ع) کے پاس سالانہ جشن چراغاں

بروز ہفتہ 13شعبان المعظم 1442ھ بمطابق 27 مارچ 2021 ءء کو رات کے وقت حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی طرف سے حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی 1187 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کربلا میں مقام امام زمانہ علیہ السلام کے پاس (الإمام المهدي الغوث والرحمة الواسعة) کے عنوان سے سالانہ جشن چراغاں منعقد ہوا کہ جس میں مومنین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس جشن میں امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی حیات مبارک کے سالوں برابر یعنی 1187 شمعیں روشن کی گئیں اور ان شمعوں کی مدد سے یہ عبارت لکھی گئی: (المهديّ وارثُ الأنبياء).
روضہ مبارک حضرت عباس کے شعبہ فکرو ثقافت کے نائب سربراہ جناب عقیل عبد الحسین ال یاسری نےالکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "یہ تہوار ایک سالانہ روایت ہے اور ہر سال کربلا کے مقامات مقدسہ کے زیراہتمام اس جشن کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے اس جشن کا انعقاد تمام تر احتیاطی اور طبی اقدامات کو اپناتے ہوئے کیا گیا تھا اوراس جشن کی آرگنائزنگ کمیٹی نے خصوصی طور پر (الإمام المهدي الغوث والرحمة الواسعة) کے نعرے کا انتخاب کرتے ہوئے جشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔ اللہ تعالی الإمام (عجّل الله فرجه الشريف) کے اس ذکر کی برکت سے اس وبا کا خاتمہ کرے۔
جشن چراغاں کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ جس کے بعد عراق کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

دونوں مقدس روضوں کی نمائندگی کرتے ہوئےروضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے جناب عدنان جلوخان الموسوی نے جشن سے خطاب کیا اور مومنین کو امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی سالگرہ کی پُر مسرت مناسبت پہ مبارک باد پیش کی۔ اور غیبت کے اس زمانہ میں مومنین پہ فرض ان امور کے بارے میں گفتگو کی کہ جن کا تعلق امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے انتظار اور ظہور کے حوالے سے ہے۔
اس محفل میں متعدد شعراء کرام نے امام زمانہ علیہ السلام کے حضور اپنا منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا کہ جن میں عراق کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے دیگر شعراء نے امام زمانہ(ع) اور اہل بیت علیھم السلام کی شان میں قصائد پڑھ کر حاضرین سے داد تحسین حاصل کی.

اس کے بعد امام زمانہ(عج) 1187 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 1187 شمعیں روشن کی گئیں۔
واضح رہے کہ 9/4/2003ء کو عراقی شہر صویرہ سے تعلق رکھنے والے الحاج مقداد کریم ھادی نے اس جشن چراغاں کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ مقام امام زمانہ(ع) کے پاس امام زمانہ(ع) کے زندگی کے سالوں کے برابر شمعیں روشن کر کے ایک منفرد جشن کی بنیاد رکھی کہ جو ہر سال دونوں مقدس روضوں کی طرف سے منایا جاتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: