بروز جمعہ 13ذوالقعدہ 1434ھ بمطابق20ستمبر 2013ء کو میٹرک کے سالانہ امتحان میں اعلیٰ نمبر اور پوزیشن لینے والے کربلا کے طلاب کے علمی وترتیبی کیمپ کی اختتامی تقریب روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے تشریفات ہال میں منعقد ہوئی۔ اس علمی و ترتیبی کیمپ کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے کیا گیا تھا تاکہ اس کے ذریعے ایک طرف تو اعلیٰ نمبر لینے والے طلاب کی حوصلہ افزائی کی جائے اور دوسری طرف طلاب میں مزید محنت اور اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے حصول کے جذبہ کو تقویت دی جائے۔ یہ کیمپ 14سے19ستمبر تک جاری رہا کہ جس میں طلاب کے علاوہ بہت سے اساتذہ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
کیمپ کی اختتامی تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا اور اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا سید عدنان موسوی نے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت اور تعلیم حاصل کرنے کی فضیلت کے بارے میں احادیث کی روشنی میں گفتگو کی اور علمی میدان میں زیادہ سے زیادہ محنت کر کے اقوام عالم سے برتری حاصل کرنے پر زور دیا۔
سید موسوی نے کہا کہ طاغوتی طاقتیں ہمیشہ سے اس کوشش میں ہیں کہ نوجوانوں کو تعلیم کے حصول سے روک کر انہیں جاہلانہ سیاست اور دہشت گردی کی لعنت کے حوالے کر دیا جائے۔
سید موسوی نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ عراقی ذہن ہر علمی میدان میں سوچنے، سمجھنے اور انکشافات کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور طلاب کی اتنی بڑی تعداد کا اعلیٰ ترین نمبر لینا بھی اسی کی ایک دلیل ہے آپ کے اعلیٰ نمبروں کے حصول نے جہاں آپ کے اپنے دلوں کو خوشی سے لبریزکردیا ہے وہاں آپ کے گھر والوں اور پورے معاشرے کو بھی خوشیوں اور مسرتوں عظیم تحفے سے نوازا ہے