مقام امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) میں خصوصی طور پر تزیین وآرائش کا اہتمام

امام زمانہ (عجل اللہ فرجہ الشریف) کے جشن میلاد کی مناسبت سے کربلا میں موجود مقام امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) میں خصوصی طور پر تزیین وآرائش کا اہتمام کیا گیا ہے اس وقت اس مقام کے ہر حصہ سے خوشی ومسرت کے مظاہر جھلک رہے ہیں۔
مقام امام مہدی (عجل اللہ فرجہ الشریف) کے اداری سربراہ الحاج عدنان الضعيف نے الکفیل نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ: "یہ وہ اہم ترین مناسبت ہے کہ جس کا احیاء اس مقام میں کیا جاتا ہے لہذا ہر سال اس موقع پر خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں اور پورے مقام کو جشن وخوشی کے مظاہر سے سجایا جاتا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ گنبد سمیت ہر جگہ جشن کے لیے خصوصی لائٹنگ کی گئی ہے اور مبارک باد اور امام زمانہ (عجل اللہ فرجہ الشریف) سے متعلق آئمہ اطہار کے فرامین پر مشتمل بینرز کو جگہ جگہ آویزاں کیا گیا ہے اور مقام کی طرف آنے والے تمام راستوں کو خوب سجایا گیا ہے۔
واضح رہے پندرہ شعبان امام زمانہ (عجل اللہ فرجہ الشریف) کے جشن میلاد کا پر مسرت دن ہے اور اس موقع پر لاکھوں لوگ کربلا کے مقدس روضوں کی زیارت کے لیے آتے ہیں اور نیمہ شعبان کو کربلا آنے والے تقریبا ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ امام حسین (علیہ السلام) اور حضرت عباس (علیہ السلام) کی زیارت کے بعد وہاں سے 650 میٹر کے فاصلے پر واقع مقام امام مہدی علیہ السلام کی زیارت کا بھی شرف حاصل کرے۔ لہٰذا لاکھوں زائرین کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے مقام امام مہدی علیہ السلام کی انتظامیہ نے زائرین کے استقبال کے لیے پہلے سے ہی بڑے پیمانے پر تیاریاں کر رکھی ہیں اور اس سلسلہ میں انہیں رضاکاروں کا تعاون بھی حاصل ہے۔
اس بات کا بھی ذکر کرتے چلیں کہ کربلا میں موجود مقام امام مہدی (عج) اداری طور پر روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کا ذیلی یونٹ ہے روضہ مبارک نے اس مقام کی تعمیر و ترقی اور حفاظت کے لیے الگ سے ایک سیکشن قائم کر رکھا ہے تاکہ زائرین کے لیے بہتر سے بہتر خدمات مہیا کی جا سکیں اور اس مقام کے لیے بہتر منصوبہ سازی اور عملی کاموں کو سر انجام دیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: