62 جلدوں پر مشتمل ’’انسائیکلوپیڈیا برائے فتوئِ دفاعِ کفائی‘‘ کی تقریبِ رونمائی

آج بروز اتوار (14 شعبان 1442 ہجری) بمطابق (28 مارچ 2021 عیسوی) کو روضہ مبارک حضرت عباس(ع) میں 62 جلدوں پر مشتمل انسائیکلوپیڈیا برائے فتوئِ دفاع (موسوعة فتوى الدفاع الكفائي) کی تقریبِ رونمائی کا انعقاد ہوا کہ جس میں روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزّه)، سیکرٹری جنرل محمد اشیقر اور مجلس ادارہ کے ارکان سمیت نامور علمی ودینی شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ یہ انسائیکلو پیڈیا روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکر و ثقافت کی جانب سے تیار کیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا تصنیفی و تالیفی پراجیکٹ ہے۔ اس انسائیکلو پیڈیا میں ان اسباب و محرکات کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے جن کے تحت اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) نے اپنے تاریخی فتوی کے ذریعےعراقی عوام کو داعش کے ظلم و ستم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے اور عراقی شہروں سے قابض داعش کو نکال باہر کرنے کا حکم دیا۔ اور اسی طرح اس کتاب میں ان واقعات کی ایک بڑی مقدار کو بھی تحریر کیا گیا ہے جو اس فتوی کے صدور سے لے کر داعش کے خلاف فتح ونصرت تک رونما ہوتے رہے۔

اس بات کا بھی ذکر کرتے چلیں کہ 14 شعبان کا دن پوری دنیا کے انسانوں اور خاص طور پر اہل عراق اور مشرق وسطی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج سے سات سال پہلے 14 شعبان 1435هـ کو نجف اشرف میں موجود اعلیٰ دینی قیادت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی(دام ظلہ العالی) نے عراق اور مشرق وسطی کو اب تک کے بدترین دہشت گردوں اور عالم انسانیت کے لیے سب سے خطرناک نام نہاد جہادیوں سے بچانے کے لیے جہاد کفائی کا تاریخی فتوی صادر کیا، اس فتوی کو روضہ مبارک امام حسین(ع) کے متولی شرعی علامہ شیخ عبد المہدی کربلائی نے جمعہ کے خطبہ کے دوران بیان کیا جس کے بعد عراقی عوام باہر نکلی اور داعش کو عراقی علاقوں سے باہر نکلنے پہ مجبور کر دیا۔ اس فتوی کے صادر ہونے کے بعد عراقی مومنین نے میدان جنگ کا رخ کیا اور ہر جگہ داعش کو شکست فاش سے دوچار کیا، جس سے ان کی نام نہاد اسلامی حکومت کا خاتمہ ہو گیا اور وہ پھر کسی بھی جگہ اپنے پاؤں نہ جما سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: