روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے کھلنے والے العمید سکولز کے نرسری یونٹ کا افتتاح

پلے گروپ کی ایک کلاس

نئے تعلیمی سال2013/2014 کے شروع ہوتے ہی گزشتہ ہفتے العمید سکولز کے پرائمری یونٹ میں پڑھائی شروع کر دی گئی تھی اور اس ہفتے بروز ہفتہ 28ذوالقعدہ1434ھ بمطابق 5اکتوبر2013ء کو العمید سکولز کے نرسری یونٹ کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے۔
نرسری یونٹ میں دو سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کی بہت بڑی تعداد نے داخلہ لیا ہے اور موجودہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے العمید سکولز کی انتظامی و تعلیمی کمیٹی نے بچوں کو ان کی عمر کے مطابق متعدد سیکشنوں میں تقسیم کرنے کے بعد دسیوں استانیوں اور دوسرے عملے کو بچو ں کو پڑھانے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے مامور کر دیا ہے۔ العمید سکولز کی انتظامی و تعلیمی کمیٹی نے استانیوں اور دوسرے عملے کو بچو ں کو پڑھانے اور ان کی دیکھ بھال پر مامور کرنے سے پہلے ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان میں موجود ان صلاحیتوں کا بھی امتحان لیا کہ جن کا اس ذمہ داری کو ادا کرنے کے لیے ہونا ضروری شمار ہوتا ہے اور اس میں کامیاب ہونے والے افراد کو اس ذمہ داری کے لیے منتخب کیا۔
بچوں کو ان کی عمر کے مطابق پڑھانے، انھیں تعلیم کا شوق دلوانے اور ان کی کھیل کود وغیرہ کے تمام تر وسائل کو پہلے سے ہی نرسری یونٹ میں مہیا کر دیا گیا ہے۔
نرسری یونٹ میں بچوں کے لیے جو کورس تیار کیا گیا ہے اس میں عربی، اسلامیات، ریاضی، انگریزی، فرانسیسی، ڈرائنگ، نظمیں اور ورزش وغیرہ شامل ہے اور اس کو پڑھانے کے لیے بچوں کی تعلیم کے ماہرین کی مدد سے ایک خاص طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔
یہ بات واضح رہے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے عراق میں تعلیمی ترقی اور نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے جدید ترین تعلیمی نظام پر مشتمل سکولوں کو کھولا ہے اور ان سکولوں کا نام العمید سکولز رکھا گیا ہے جو حضرت عباس علیہ السلام کے القاب میں سے ایک لقب ہے۔ بروز منگل 1اکتوبر 2013ء کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے کھلنے والے العمید پرائمری سکولز میں سینکڑوں طلاب اور طالبات نے اپنے نئے تعلیمی سال کو شروع کیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: