عالم بشریت کی مفتخر ترین ہستیوں میں مرسل اعظم ، نبی رحمت حضرت محمّد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بعد سب سے پہلا نام امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کا آتا ہے، لیکن آپ سے متعلق محبت و معرفت کی تاریخ میں بہت سے لوگ عمدا یا سہوا افراط و تفریط کا بھی شکار ہوئے ہیں اور شاید اسی لیے ایک دنیا دوستی اور دشمنیوں کی بنیاد پر مختلف گروہوں اور جماعتوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔
19 ماہ رمضان المبارک کو وقت سحر سجدۂ معبود میں جس وقت امیر المومنین کی پیشانی خون میں غلطاں ہوئی خدا کے معتمد اور رسول اسلام (ص) کے امین ، فرشتوں کے امیر ، جنگ احد میں لافتی الّا علی لاسیف الّا ذوالفقار کا نعرہ بلند کرنے والے جبرئیل نے تڑپ کر آواز بلند کی تھی :
ان تَہَدّمَت و اَللہ اَرکان الہُدیٰ
خدا کی قسم ارکان ہدایت منہدم ہو گئے۔
مسجد کوفہ میں جب سارے مسلمان اپنے امام و پیشوا کے غم میں نوحہ و ماتم کرنے میں مصروف تھے، خداوند کا مخلص بندہ اپنے معبود سے ملاقات کا اشتیاق دل میں لیے آواز دے رہا تھا:
فُزتُ وَ رَبّ الکَعبہ
رب کعبہ کی قسم میں کامیاب ہو گیا۔
حضرت علی (ع) آج بھی کامیاب ہیں کیونکہ ان کی سیرت ، ان کا کردار ، ان کے اقوال و ارشادات ان کی حیات اور شہادت کا ایک ایک پہلو پوری بشریت کی کامیابی و کامرانی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے، اسی لیے حضرت علی ابن ابی طالب (ع) سے محبت اور معرفت رکھنے والے کل بھی اور آج بھی اس بات کا اقرار کرتے ہیں کہ حضرت علی (ع) کی شہادت تاریخ بشریت کے لیے ایک عظیم خسارہ اور ایسی مصیبت ہے کہ اس پر جتنا ماتم کیا جائے کم ہے۔
نبی اکرم (ص) کی رحلت کے بعد ملت اسلامیہ کا وہ کارواں جو 25 سال پیچھے دھکیل دیا گيا تھا، جب حضرت علی (ع) کی ولایت و امامت پر متفق ہوا اور حکومت و اقتدار امیر المومنین کے حوالے کر دیا گیا تو 18 ذی الحجّہ سن 35 ہجری سے 21 ماہ رمضان المبارک سن 40 ہجری تک چار سال دس مہینہ کی مختصر مدت میں حضرت علی ابن ابی طالب نے وہ عظیم کارنامے قلب تاریخ پر ثبت کر دئیے کہ اگر ظلم و خیانت کی شمشیر نہ چلتی اور جرم و سازش کا وہ گھنونا کھیل نہ کھیلا جاتا جو عبد الرحمن ابن ملجم اور اموی خاندان کے جاہ طلبوں نے مل کر کھیلا تھا، تو شاید دنیائے اسلام بلکہ پوری کائنات کی تقدیر ہی بدل جاتی پھر بھی حضرت علی ابن ابی طالب (ع) نبی اکرم (ص) کی 23 سالہ زندگی کے ساتھ اپنی پانچ سالہ حکومت کے وہ زریں نقوش تفسیر و تشریح کی صورت میں چھوڑ گئے ہیں کہ جو رہتی دنیا تک کے لیے اسلام کی حیات کا ضامن ہیں اور قیامت تک روئے زمین پر قائم ہونے والی ہر حکومت اس کی روشنی میں عالم بشریت کی ہر ضرورت کی تکمیل کر سکتے ہیں۔
چونکہ 21 رمضان المبارک کو علوی زندگی کا وہ صاف و شفاف چشمہ جو دنیائے اسلام کو ہمیشہ سیر و سیراب کر سکتا تھا، ہم سے چھین لیا گيا لہذا یہ مصیبت ایک دائمی مصیبت ہے اور آج بھی ایک دنیا علی (ع) کے غم میں سوگوار اور ماتم کناں ہے۔
قطامہ ، منافق زمانہ اشعث ابن قیس کندی اور چند دیگر منافقوں کی مدد سے ابن ملجم نے 19 رمضان سن 40 ہجری کو بوقت سحر حضرت علی علیہ السلام پر زہر آلود تلوار سے مسجد کوفہ میں قاتلانہ حملہ کیا جس سے آپ شدید زخمی ہوئے۔
آپ نے اپنی مبارک اور پربرکت زندگی کے بالکل آخری لمحات میں فرمایا کہ:
میں تمہیں اور جس تک میری نصیحت پہنچ رہی ہے ، تقویٰ و پرہیزگاری اور اپنے کاموں میں نظم و ضبط قائم کرنے کی وصیت کرتا ہوں۔ یتیموں کاخیال رکھو، پڑوسیوں کے ساتھ نیکی کرو۔ پیغمبر اکرم (ص) اس قدر پڑوسیوں کے بارے میں نصیحت فرمایا کرتے تھے کہ مجھے یہ گمان ہونے لگا کہ پڑوسی بھی ورثے میں شریک ہوں گے۔
قرآن سے دوری اختیار نہ کرنا، کہیں ایسا نہ ہو کہ دوسرے اس پر عمل کرنے میں تم سے آگے نکل جائیں۔
نماز کو اہمیت دو کہ نماز دین کا ستون ہے۔
حضرت علی (ع) اپنی زندگی کے آخری لمحات میں بھی لوگوں کی اصلاح و سعادت کی طرف متوجہ تھے۔ انہوں نے اپنے بیٹوں، عزیزوں اور تمام مسلمانوں سے اس طرح عظیم وصیت کا ذکر فرمایا۔
آپ کے رحم و کرم اور مساوات پسندی کا عالم یہ تھا کہ جب آپ کے قاتل کو گرفتار کر کے آپ کے سامنے لایا گیا، اور آپ نے دیکھا کہ اس کا چہرہ زرد ہے اور آنکھوں سے آنسو جاری ہیں، تو آپ کو اس پر بھی رحم آ گیا۔
آپ نے اپنے دونوں بیٹوں امام حسن علیہ السّلام و امام حسین علیہ السّلام کو ہدایت فرمائی کہ یہ ہمارا قیدی ہے اس کے ساتھ کوئی سختی نہ کرنا، جو کچھ خود کھانا وہ اسے بھی کھلانا، اگر میں صحتیاب ہو گیا تو مجھے اختیار ہے کہ چاہے اسے سزا دوں یا معاف کر دوں اور اگر میں دنیا میں نہ رہا اور آپ نے اس سے انتقام لینا چاہا تو اسے ایک ہی ضربت لگانا کیونکہ اس نے مجھے ایک ہی ضربت لگائی ہے اور ہرگز اس کے ہاتھ پاؤں وغیرہ قطع نہ کرنا کیونکہ یہ اسلامی تعلیم کے خلاف ہے۔
حضرت علی علیہ السّلام دو روز تک بستر بیماری پر کرب و بے چینی کے ساتھ کروٹیں بدلتے رہے۔ آخر کار زہر کا اثر جسم میں پھیل گیا اور 21 رمضان کو نمازِ صبح کے وقت آپ کی روح جسم سے پرواز کر گئی۔ حضرت امام حسن و امام حسین علیہما السّلام نے تجہیز و تکفین کے بعد آپ کے جسم اطہر کو نجف میں دفن کر دیا۔