روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مینار



روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد کے دونوں طرف ایک ایک مینار ہے اور ہر مینار کے اندر سیڑھی بنی ہوئی ہے اور مینار میں داخل ہونے کا راستہ زمین سے ہی ہے یہ سیڑھیاں گلدستہ آذان تک پہنچتی ہیں کہ جو تقریباً مینار کے درمیان میں ہے گلدستہ اذان کو اسلامی تعمیرات کے خوبصورت ڈیزائن میں بنایا گیا ہے اور انتہائی مہارت کے ساتھ دیدہ زیب شکل میں ڈھالا گیا ہے۔ گلدستہ اذان سے اوپر والا مینار کا حصہ اسطوانی شکل کا ہے لیکن اس حصے کا قطر گلدستہ اذان سے نیچے والے حصے سے کم ہے گلدستہ اذان سے اوپر والے مینار کے حصے کا قطر 2.7میٹر ہے مینار کے سب سے اوپر والے حصے میں ایک خوبصورت چھوٹا سا گنبد بنا ہوا ہے اس گنبد پہ اوپر سے نیچے کی طرف ابھری ہوئی گول دھاریاں سی بنی ہوئی ہیں۔

دونوں میناروں کے گلدستہ اذان سے اوپر والے حصے پر لگنے والی سونے کی تہہ والی تانبے کی پلیٹوں کی تعداد 2016 ہے اور میناروں کے اوپر والے اس حصے پر سونے والی پلیٹیں لگانے کا کام 1948 میں مکمل ہوا تھا اور 1984میں مغربی مینار کے اوپر والے حصے کو نئے سرے سے دوبارہ تعمیر کر کے اس پر سونے کی پلیٹیں لگا دی گئیں تھی اور مشرقی مینار کے اوپر والے حصے کو 1984میں دوبارہ بنانے اور اس پر سونے کا کام شروع کیا گیا اور یہ کام 1991میں مکمل ہوا۔

مینار کے آدھے نچلے حصے پر پہلے تو کربلائی کاشی اور رنگین اینٹیں لگی ہوئی تھیں اور نہایت خوبصورت ڈیزائن بنے ہوئے تھے اور کوفی خط میں مختلف عبارات مکتوب تھیں۔ سفید رنگ میں (یاحسین) لکھا ہوا تھا اورسبز رنگ میں (اللہ ،محمد، علی) لکھا ہوا تھا اور بعض جگہ سبز رنگ میں ہی (یا اللہ، یا محمد) لکھا ہوا تھا اور اسی طرح (محمد رسول اللہ علی ولی اللہ) بھی لکھا ہوا تھا۔

صدام ملعون کی حکومت کے ختم ہونے کے بعد حرم کے نئے ادارے نے ان دونوں میناروں کو اوپر سے نیچے تک مکمل طور پر سونے کی پلیٹوں سے مزین کر دیا ہے اور مینار کی گزشتہ شکل کو باقی رکھنے اور حضرت امام حسین علیہ السلام کے حرم کے میناروں اورحضرت عباس علیہ السلام کے حرم کے میناروں میں فرق کو باقی رکھنے کے لیے ان عبارات کو بھی گزشتہ شکل میں لکھا گیا ہے کہ جو پہلے میناروں پر موجود تھیں۔ اس طرح سے زائر دور سے ان میناروں کے ذریعے دونوں حرموں کو پہچان سکتا ہے۔

ان دونوں میناروں میں سے ہر ایک کا محیط 11.85میٹر اور قطر3.65میٹر ہے اور ہر مینار ایک سٹینڈ نما بنیاد پر قائم ہے اور اس بنیاد کا محیط 13.18میٹر ہے اور یہ صحن کی زمین سے 38.5میٹر بلند ہے اور اپنے اوپر والے آخری سرے تک صحن سے 44میٹر بلند ہے۔


قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: