آج بروز بدھ (29 رمضان المبارک 1442ھ) بمطابق (12 مئی 2021ء) کو اعلی دینی قیادت کے دفتر سے مقبوضہ فلسطین میں جاری تصادم کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔
اعلی دینی قیادت آیت اللہ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کی رسمی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اعلی دینی قیادت ایک پھر حریت پسند فلسطینی عوام کی غاصبوں کے خلاف دلیرانہ مزاحمت کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کرتی ہے، کہ جو غاصب فلسطینیوں کی مزید زمینوں پر قبضہ کرنے اور انھیں قدس کے دیگر حصوں سے زبردستی نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم آزاد قوموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کے غصب شدہ حقوق کو واپس دلوانے میں ان کی حمایت اور مدد کریں۔
ان دنوں مسجد اقصیٰ اور باقی مقبوضہ علاقوں میں دکھائی دینے والے پُرتشدد تصادم بلاشبہ وحشی غاصب اور اس کے جرائم کے خلاف فلسطینیوں کے اس بے لچک عزم کو ظاہر کرتے ہیں کہ چاہے جتنی بھی قربانیاں دینی پڑ جائیں وہ اپنی مقبوضہ زمینوں کو چھڑوا کر ہی دم لیں گے۔