ہر وہ دن جس میں خدا کی نافرمانی نہ ہو وہ عید کا دن ہے

عید کا دن دوسرے ایام کی طرح نہیں ہے، بلکہ یہ اپنی جہات اور طول و عرض کے اعتبار ایک الگ دن ہے، اور یہ وہ دن ہے جسے خداوند متعال نے مسلمانوں کے لیے عید قرار دیا ہے، لہذا اس دن کو اسلامی نقطہ نظر کے مطابق منایا جائے۔ اسلام عیدوں کو ایک الگ نظر سے دیکھتا ہے، اسلام کے نزدیک عید خدا کو یاد کرنے، دعائیں مانگنے اور سنتوں کے احیاء کے لیے ایک ایمانی ایونٹ ہے۔

عید الفطر کا فلسفہ یہ ہے کہ یہ دن ماہ رمضان میں روزہ رکھنے کی توفیق حاصل کرنے والے روزہ دار کے لیے خوشی ومسرت لے کر آتا ہے، عید کا دن مسلمانوں کے لیے اطاعت خداوندی اور نیک اعمال کرنے میں مسابقت کو جاری رکھنے کی جانب ایک نیا آغاز ہے۔ امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ یہ دن اُس کے لیے عید ہے خدا کی بارگاہ میں جس کا روزہ مقبول اور قیام مشکور ہے، ہر وہ دن جس میں خدا کی نافرمانی نہ ہو وہ عید کا دن ہے۔

امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں: یہ دن ان لوگوں کے لیے عید ہے جن کے گناہ معاف کر دیئے گئے ہیں۔

عید الفطر کے دن امام حسن مجتبی علیہ السلام کا گزر کچھ افراد کے پاس سے ہوا جو کھیل تماشہ اور لھو ولعب میں مشغول تھے امام علیہ السلام ان کے پاس رکے اور فرمایا: خدا نے رمضان کے مہینے کو اپنی مخلوق کے لیے ایک میدانِ مسابقت قرار دیا ہے تاکہ لوگ اس کی اطاعت کے ذریعے اس کی رضا کے حصول میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں پس کچھ لوگ تو سبقت لے گئے اور کچھ لوگوں نے کوتاہی کی اور خسارے میں رہے۔ حیرت ہے اس دن میں ہر ٹھٹھہ مارنے اور تماشہ میں مشغول ہونے والے پر کہ جس دن میں نیک لوگوں کو جزاء ملتی ہے اور برے لوگ خسارے میں رہتے ہیں، خدا کی قسم اگر پردہ ہٹا دیا جائے تو تم جان لو گے کہ نیک اپنی نیکی میں مشغول ہے اور برا اپنی برائی میں مصروف ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: