ڈپٹی سیکریٹری جنرل انجینئر عباس موسٰی کا الکفیل انسٹی ٹیوٹ فار سپیشل چلڈرن کا دورہ

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل انجینئر عباس موسٰی نے الکفیل انسٹی ٹیوٹ فار سپیشل چلڈرن کے عملے کی کاوشوں کی بے حد سراہا ہے، جو ان بچوں کی خدمت کر رہا ہے اور انہیں عام انسانوں کی طرح بنانے اور معاشرے میں ضم کرنے کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے انسٹی ٹیوٹ کے دورے اور وہاں انتظامی اور تعلیمی عملے سے ملاقات کے بعد کیا۔ اس دورے کے دوران انہیں خصوصی بچوں کی بحالی اور انہیں معاشرے کا ایک مفید و کارآمد شہری بنانے کے لئے تعلیمی، تفریحی اور دیکھ بھال کے انتظامات اورخدمات کے بارے میں تفصیلی بریف کیا گیا۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کو درپیش مشکلات اور اس انسٹی ٹیوٹ کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ان بچوں کی بحالی، دیکھ بھال اور تعلیم کے لئےخدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہیں انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے فراہم کردہ ان خدمات ، منصوبوں اور نصاب کے بارے میں بھی بتایا گیا جو ان بچوں کے طرز عمل اور صلاحیتوں میں کامیاب تبدیلیوں کا باعث بنے ہیں۔
اپنے دورے کے اختتام پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ کا ان بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات کہے۔
یہ قابل ذکر ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے سپیشل بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے اور انہیں معاشرے کے عام شہریوں کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے کے لیے 2009 میں الکفیل انسٹی ٹیوٹ فار سپیشل چلڈرن (معهد الكفيل لذوي الاحتياجات الخاصّة) کے نام سے ایک انسٹیٹیوٹ کی بنیاد رکھی جس میں سپیشل بچوں کو خاص تعلیمی نصاب پڑھایا جاتا ہے اور انہیں معاشرے کا ایک مفید و کارآمد شہری بنا کر ان کے احساس محرومی کو ختم کرنے کی حتی الامکان کوشش کی جاتی ہے۔

کربلا میں واقع اس انسٹیٹیوٹ میں 2009 سے لے کر اب تک سپیشل بچوں کے بڑی تعداد استفادہ کر رہی ہے۔ اس وقت انسٹی ٹیوٹ میں 90 سے زیادہ بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں جن میں لڑکوں کی عمریں 5سے 13سال تک جبکہ لڑکیوں کی عمریں 5سے 20سال تک کی ہیں۔

اس انسٹیٹیوٹ میں کام کرنے والے عملہ کو ملکی و غیر ملکی ماہرین کے ذریعے سے ٹریننگ دی جاتی ہے اور اس سلسلہ میں ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: