کربلا کے الکفیل ہسپتال نے عراقی طبی ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قابلیت اور خاص طور پر کان ، ناک اور گلے کی بیماریوں کے علاج میں ان کی بہترین خدمات کو کافی سراہا ہے اور انھیں آپریشنز کرنے کے لیے الکفیل ہسپتال کے جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کی دعوت دی ہے۔
الکفیل ہسپتال کی جانب سے ان خیالات کا اظہار عراقی سوسائٹی آف ای این ٹی(ENT) ڈاکٹرز کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی کانفرنس کے موقع پرکیا گیا۔ بغداد میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی طبی ماہرین اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد (ENT) کے شعبہ میں جدید ترین طریقہ علاج اور جدید ٹیکنالوجیز پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
الکفیل ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جاسم الابراہیمی نے بتایا: "ہمارے ہسپتال نے عراقی سوسائٹی آف ای این ٹی سپیشلسٹس کی کانفرنس میں حصہ لیا جس کا مقصد (ENT) کے شعبہ میں جدید ترین طریقہ علاج اور جدید ٹیکنالوجیز پربات کرنا تھا۔"
انھوں نے کہا" کانفرنس میں شرکاء کے مابین تجربات کے تبادلے اور عراقی شہریوں کو دوسرے ممالک کا سفر کیے بغیر اس قسم کی جدید سرجریز اور طبی خدمات فراہم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ "
انھوں نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا: "عراق میں قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل طبی ماہرین اور ڈاکٹرز کی کمی نہیں ہے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اعلی سطح کی طبی کامیابیوں کے حصول کے لئے مل کر کوششیں کریں اس سلسلے میں ہم اس طبی کانفرنس کا اگلا اجلاس روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے زیر اہتمام کربلا میں منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ "
اس موقع پر الکفیل ہسپتال میں کان ، ناک اور گلے کی سرجری کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر ناظم عمراں نے بات کرتے ہوئے کہا : "یہ کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے جس میں فزیکلی اور ورچوئلی بہت سارے عراقی اور غیر ملکی ماہرین اور ڈاکٹرز شریک تھے۔"
ڈاکٹر عمران نے مزید کہا: "کانفرنس کے دوران ہم نے طبی میدان میں حاصل کردہ کامیابیوں پر بات کرنے کے علاوہ اس کانفرنس کے ضمن میں منعقد کی جانے والی نمائش میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے الکفیل ہسپتال میں فراہم کی جانے والی جدید ٹیکنالوجیز اور آلات کو متعارف کروایا اور ناک اور گلے کے سرجنز کو جدید آپریشن انجام دینے خصوصا کوچلیئر امپلانٹس کے لئے ہسپتال کے ان آلات اور ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کے لئے مدعو کیا۔"