ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کا روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متعدد صنعتی و ترقیاتی منصوبوں کا دورہ

عراقی وزارت صنعت و معدنیات کے ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریل ڈویلپمنٹ جناب عزیز ناظم عبد نے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متعدد صنعتی و ترقیاتی منصوبوں کا فیلڈ ٹور کیا۔
اس دورے کا مقصد ان منصوبوں کی اعلی اور معیاری پروڈکٹس اور ورک مکینیزم کا جائزہ لینا تھا۔ اس دورے کے دوران الکفیل جنرل انویسٹمنٹ کمپنی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل جناب عزیز ناظم عبد نے خیر الجود کمپنی برائے جدید زرعی و صنعتی ٹیکنالوجی اور الکفیل ہاؤس فار پرنٹنگ ، پبلشنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کا دورہ کیا۔،انھوں نے روضہ مبارک کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ان منصوبوں میں کام کے طریقہ کار اورمعیاری مصنوعات کے پیداواری عمل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
اس دورے کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل جناب عزیز ناظم عبد نے الکفیل نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: " روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی فراخدلانہ دعوت پر ہم نے حرم مطہر کے اہم صنعتی منصوبوں کا دورہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ، "ہم نے خیر الجود کمپنی میں مختلف مصنوعات جن میں زرعی کھاد ، ڈٹرجنٹ ، جراثیم کش اور دیگر اشیاء شامل ہیں، کی پروڈکشن لائنز کو دیکھا۔ جبکہ الکفیل ہاؤس فار پرنٹنگ ، پبلشنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کے مینیجر نے ہمیں اپنی پروڈکشن لائنز خاص طور پر اسکول کی نوٹ بکس کی تیاری کے بارے میں آگاہ کیا۔ "
انھوں نے مزید کہا ، "ہم نے ان صنعتی منصوبوں میں اعلی نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مشاہدہ کیا ہے اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی کے پیش نظر یہ منصوبے صنعتی ترقی اور خودکفالت کے حصول میں اہم کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔"
انہوں نے ان منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا : "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے منصوبے ایک طرف قومی صنعت کو معاونت فراہم کر رہے ہیں اور دوسری طرف افرادی قوت کو روزگار فراہم کر رہے ہیں۔"
انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر نے کہا: "انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اس نوعیت کے منصوبوں خاص طور پر روضہ مبارک حضرت عباس سے وابستہ منصوبوں کو ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ "
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ، "اس تعاون میں خام مال درآمد کرنے میں کسٹم اور ٹیکس چھوٹ کی سہولیات کے علاوہ کارکنوں کے لئے معاشی تحفظ اور صنعتی قرضوں کے سلسلے میں بینکاری کی سہولیات شامل ہیں۔"
واضح رہے کہ ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کا یہ دورہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے تیار کردہ اس پروگرام کا ایک حصہ ہے جس کے تحت ملک کے اعلی عہدوں پر فائز افراد جیسے وزراء یا ان کے نائب حرم مطہر کے منصوبوں کا دورہ کرتے ہیں اور ان کا براہ راست جائزہ لیتے ہیں تاکہ حرم مطہر اور مختلف وزارتوں کے مابین تجربات کا تبادلہ کیا جا سکے۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: