روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ضریح وابواب سازی سیکشن نے حضرت زینب(ع) کی نئی ضریح کے بالائی حصہ میں لگائی جانے والی قرآنی آیات والی طلائی پٹی کو مکمل کرلیا ہے۔
اس بارے میں الکفیل نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ بالا سیکشن کے سربراہ سید ناظم غرابی نے بتایا ہے کہ:حضرت زینب(ع) کی قبر اقدس کی نئی ضریح کو بنانے کا کام طے شدہ ورکنگ پلان کے مطابق تیزي سے جاری ہے اور اسے مختلف دھاتی اور چوبی حصوں کی تیاری کے اعتبار سے تقسیم کیا گیا ہے۔ قرآنی پٹی وہ پہلا دھاتی حصہ ہے کہ جو تقریبا مکمل تیار ہو گیا ہے بس اس میں قرآنی آیات کے حروف پر طلا کاری کا کچھ کام باقی ہے کہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ: یہ قرآنی پٹی افریز کے اوپر لگائی جائے گی تانبے سے بنی اس پٹی پر سورۃ الانسان تحریر ہے جس کی ابتداء (هَلْ أَتَى عَلَى الْإِنْسَانِ حِينٌ مِنَ الدَّهْرِ لَمْ يَكُنْ شَيْئًا مَذْكُورًا...) سے ہوتی ہے اور اس کا اختتام (يُدْخِلُ مَنْ يَشَاءُ فِي رَحْمَتِهِ وَالظَّالِمِينَ أَعَدَّ لَهُمْ عَذَابًا أَلِيمًا) پر ہوتا ہے۔ یہ آیات مشہور خطاط ڈاکٹر روضان بهيّة نے خطّ الثلث المركّب میں لکھنے کا شرف حاصل کیا ہے۔
سید غرابی نے بتایا کہ: اس پٹی کی اونچائی 19 سینٹی میٹر، لمبائی 16.78 میٹر اور موٹائی 5ملی میٹر ہے۔ یہ قرآنی پٹی ضریح کے چاروں اطراف کو گھیرے ہوئے ہے۔ اس کے الفاظ پر خالص سونے کی ایک تہہ لگائی جائے گی جس کے بعد یہ ضریح پر نصب ہونے کے لیے ہر حوالے سے مکمل شمار ہو گی۔