روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے شعبہ خطابت برائے خواتین کی جانب سے حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی المناک شہادت کی یاد میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ صحت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سماجی فاصلے ، ماسک اور دیگر حفاظتی اقدامات کو اپناتے ہوئے یہ مجلس عزاء روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سرداب الإمام موسى الكاظم(عليه السلام) میں منعقد کی گئی جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شعبہ خطابت برائے خواتین کی سینئر آفیشل پروفیسر تغرید عبد الخالق التمیمی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: “ شعبہ خطابت برائے خواتین کی جانب سے اہل بیت(ع) کے ایام شہادت کے احیاء کے لئےخصوصی عزائی تقریبات اور مجالس کا انعقاد کیا جاتا ہے اورامام محمد تقی علیہ السلام کی المناک شہادت کی یاد میں شعبہ خطابت برائے خواتین زینبیات ڈویژن کے تعاون سے دو روزہ مجالس عزا کا انعقاد کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ: "دو دن تک جاری رہنے والی یہ مجالس ہر شام سرداب الإمام موسى الكاظم(عليه السلام) میں منعقد کی جارہی ہیں۔ آج منعقد کی جانے والی مجلس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کے بعد شعبہ خطابت برائے خواتین کی جانب سے امام تقی علیہ السلام کےحالات زندگی، فضائل و مناقب اور آپ علیہ السلام سے کی جانے والی ناانصافیوں اور مصائب پر ایک لیکچر دیا گیا۔"
انھوں نے مزید کہا: "اس کے بعد امام علیہ السلام کے مصائب اور مشکلات کو یاد کرتے ہوئے نوحہ خوانی کی گئی۔ مجلس عزا کے اختتام پر دعائے فرج پڑھی گئی اورتمام دنیا بالخصوص عراق سے اس وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ "
امام محمد تقی علیہ السلام 10 رجب 195ھ کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے اور معتصم بن ھارون کے حکم پر ماہ ذی القعدہ کے آخری دن (220هـ) میں زہر دے کر شہید کر دیئے گئے۔ آپ کو سب سے کم عمر یعنی 7 یا 8 سال کی عمر میں منصب امامت کے فرائض سر انجام دینا پڑے اور آپ کا دور امامت 17 سال پر مبنی تھا۔
آپ کے مختلف القابات تھے جن میں سے چند ایک یہ ہیں جواد، تقي، قانع، زكي، باب المراد۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ شعبہ خطابت برائے خواتین اہل بیت(ع) کے ایام شہادت کے احیاء کے لئےعزائی تقریبات اور مجالس کے انعقاد اور اہل بیت (ع) کی فکر اور تعلیمات کو جدید طریقوں کہ جو زمانے کے ساتھ ہم آہنگ ہوں اور حقائق کو سمجھنے میں معاون ہوں، سے پھیلانے کے لئےپرعزم ہے۔