روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے بحالی و تعمیراتی انجینئرنگ سیکشن نے کربلا گورنریٹ کے مزید ایک اسکول کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، کہ جو بری طرح زبوں حالی سے دوچار ہو چکا تھا۔
مذکورہ سیکشن کا یہ منصوبہ عدم توجہی کے شکار سکولوں کی بحالی کے پروگرام کا حصہ ہے کہ جس کا مقصد اس قسم کے سکولوں کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کے ذریعے طلاب کے لیے مناسب تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔
مذکورہ سیکشن میں سکولوں کی بحالی کے کاموں کے نگران حسن عبد الحسین نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ: سکول کے ادارہ، علاقے کے لوگوں اور طلباء کے اہل خانہ کی طرف سے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) سے کی جانے والی درخواست پر عمل کرتے ہوئے روضہ مبارک کے ادارہ نے ہمارے سیکشن کو اس سکول کی بحالی کی ذمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ: بحالی کے اس کام میں سکول کے اندر موجود آمد ورفت کے راستوں کے فرش (کہ جن کا رقبہ 300 مربع میٹر ہے) اور کلاس رومز کے فرش (کہ جس کا رقبہ 500 مربع میٹر ہے) کو دوبارہ سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور وہاں ٹائیلز لگائی جا رہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ: اسکول کی دیواروں (کہ جن کا رقبہ 600 مربع میٹر ہے) کی مرمت کرنے کے بعد انھیں نئے سرے سے پینٹ کیا جائے گا اور اسی طرح سے سکول کے صحن (کہ جس کا رقبہ 250 مربع میٹر ہے) کو بھی بحال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سکولوں کی بحالی کا پروگرام انسانی ہمدردی کے ان کاموں اور منصوبوں کا ایک حصہ ہیں کہ جن کے تحت روضہ مبارک حضرت عباس(ع) عوامی خدمت کرنے والے تباہ حال سرکاری شعبوں کی بحالی میں کردار ادا کر رہا ہے کہ جن میں سکول، انسانی خدمت کے ادارے، ہسپتال وغیرہ سرفہرست ہیں۔