روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے "الساقی زرعی فارمز " اپنے سابقہ تجربات کی بھرپور کامیابی کے بعد کھجوروں کی کاشت بڑھانے کی تیاری کر رہا ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ پراجیکٹس کے سربراہ ضیا مجید الصائغ نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ الساقی منصوبہ دو اہم پہلووں پر مشتمل ہے۔ پہلا: متبادل پانی۔ اور دوسرا: ماڈل کھجور فارم ۔ یہ منصوبہ روضہ مبارک کے اسٹریٹجک منصوبوں میں سے ایک ہے اور انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ اس کا ذمہ دار ہے۔ پچھلے مرحلے میں ہمیں کھجوروں کی مقامی اقسام کی کاشت میں واضح کامیابی حاصل ہوئی اور ہم کھجوروں کے بہترین اور معیاری درخت تیار کرنے میں کامیاب رہے اور خدا کا شکر ہے کہ یہ نتائج اس اہم منصوبے کے مطابق تھے، جو کہ مقامی معیشت کو سہارا دینے کے لیے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔
انھوں نے کہا: " وسیع تحقیق اور مطالعہ کے بعد ، اس پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کھجور کے زیر کاشت رقبے کو بڑھا کر کیا گیا ہے جس سے اس مصنوع کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے کے دوسرے مرحلے میں کھجور کے (5000) اضافی پودے فارم میں کاشت کے لئے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ پودے (البرحی ، السقی ، الہلالی ، اور المجھول) اقسام کے ہیں کیونکہ یہ اقسام اعلیٰ معیار اور غذائیت سے بھرپور ہیں۔
انھوں نےبات ختم کرتے ہوئے کہا: "اس مرحلے کو شروع کرنے کے لئے تمام ضروری تیاریاں کی جا رہی ہیں جن میں پودوں کی کاشت کے لیےاضافی رقبہ فراہم کرنا ، انفراسٹرکچر کی تیاری اور جدید زرعی طریقوں کو اپنانے ہوتے آبپاشی کا جدید نظام اور ماحول دوست نامیاتی کھادوں کا استعمال شامل ہے۔ "