روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ما بین الحرمین سیکشن کی انتظامیہ نے روضہ مبارک امام حسین(ع) کے سیکشن برائے بیرونی صحن کے تعاون سے محرم کے استقبال اور اعلانِ سوگ کے طور پر ما بین الحرمین میں مظاہرِ حزن کو آویزاں کر دیا ہے۔
اس بارے میں مذکورہ بالا سیکشن کے انچارج سید نافع موسوی نے بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے متولی شرعی سید احمد صافی (دام عزہ) کی ہدایات کے مطابق ہمارے سیکشن کے میڈیا یونٹ نے مراسم عزاء کا آغاز ما بین الحرمین میں سیاہ علموں، مختلف عزائی عبارات پر مشتمل بینروں اور سیاہ چادروں کو آویزاں کر کے کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امام حسین(ع) کے دنیا میں گزارے ہوئے سالوں کے برابر (58) سیاہ حسينی عَلم ما بين الحرمين میں نصب کیے گئے ہیں جن پر سرخ رنگ میں (السلام عليك يا سيّد الشهداء) اور (يا قمر بني هاشم) لکھا ہوا ہے۔ ان علموں کے پولز پر 45 سے زیادہ عزائی بینرز نصب ہیں جن پر امام حسین(ع) کو سلام اور ان کی شہادت کا پرسہ پیش کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ما بین الحرمین کی انتظامیہ نے ما بین الحرمین کے اردگرد عمارتوں پر بھی سیاہ چادریں آویزاں کر دی ہیں تاکہ سوگ اور حزن و ملال کا ماحول ہر طرف غالب رہے۔