روضہ مبارک امام حسین(ع) کے سیکشن برائے بیرونی صحن اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ما بین الحرمین سیکشن کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں یوم عاشوراء کے حوالے سے تمام امنی، تنظیمی، خدماتی اور طبی امور اور لائحہ عمل کو حتمی شکل دے گئی ہے۔
اس بارے میں ما بین الحرمین سیکشن کے سربراہ نافع موسوی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قاسم(ع) ہال میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں روضہ مبارک امام حسین(ع) سیکشن برائے بیرونی صحن کے سربراہ فاضل ابو دکہ اور دونوں اطراف کے شعبوں کے انچارج صاحبان نے شرکت کی اور یوم عاشوراء کے احیاء کے لیے آئے ہوئے زائرین اور عزاداروں کو مطلوبہ خدمات فراہم کرنے اور مواکب اور ماتمی جلوسوں کو منظم کرنے کے حوالے سے ایک مشترکہ لائحہ عمل اور اس کے نفاذ کے طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا اور سب شعبوں میں ذمہ داریاں تقسیم کی گئيں۔
واضح رہے کہ عاشور کے احیاء اور اہل بیت اطہار(ع) کو امام حسین(ع) کی شہادت کا پرسہ پیش کرنے کے لیے کئی ملین عزادار کربلا آتے ہیں اور ماتمی جلوسوں کی شکل میں مقدس روضوں میں حاضری دیتے ہیں اور اس موقع پر آنے والے تمام عزادار اور زائرین ما بین الحرمین سے گزرتے ہیں اور وہاں عزاداری برپا کرتے ہیں۔