عراق اور بہت سے دیگر ممالک میں مومنین محرم کے شروع ہوتے ہی گھروں اور عمارتوں پر سیاہ علم آویزاں کر دیتے ہیں جو سانحہ کربلا میں امام حسین علیہ السلام اور ان کے عزیز واقارب اور اصحاب کی المناک شہادت پر ایام حزن و سوگ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اسی حوالے سے (7 محرّم 1442هـ) بمطابق (16 اگست 2021ء) کو میسان یونیورسٹی میں سانحہ کربلا کی یاد میں سیاہ علم نصب کرنے کی ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے استاتذہ اور اداری عملے کے ارکان کے علاوہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے وفد نے خصوصی شرکت کی اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مخصوص ترانہ (لحن الإباء) کو پڑھتے ہوئے پرچم عزاء بلند کر دیا گیا۔
کالج کے سربراہ ڈاکٹر ہاشم داخل دراجی نے الکفیل نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم ہر سال عاشورائی حزن اور سوگ کا پرچم بلند کرتے ہیں اور اس کے ذریعے سانحہ کربلا اور امام حسین(ع) اور ان کے اہل بیت(ع) و انصار(ع) کے مصائب کو یاد کرتے ہیں اور کربلا کی ازلی درسگاہ سے ایثار، قربانی اور عطا کا سبق حاصل کرتے ہیں۔ امام حسین(ع) کی قربانیوں نے اسلام کو قیامت تک کے لیے محفوظ بنا دیا بیشک اسلام حضرت محمد(ص) کے سبب معرضِ وجود میں آیا لیکن اس کی بقا امام حسین(ع) کے مرہونِ منت ہے۔
آخر میں انھوں نے روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے یونیورسٹی کو علم کا ہدیہ دینے اور اس تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔