حضرت زینب(ع) کا اہل کوفہ سے تاریخی خطاب کہ جس نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا

منقول ہے کہ جب اسیران کربلا کو کوفہ لایا گیا تو کوفہ کی خواتین نے گریہ و زاری کرتے ہوئے اپنا گریباں چاک کیا اور ان کے مردوں نے بھی ان کے ساتھ گریہ کیا۔ امام سجاد(ع) جو اس وقت بیمار تھے، نے نحیف آواز میں فرمایا: کیا یہ لوگ ہم پر رو رہے ہیں! پس ہمیں کن لوگوں نے شہید کیا ہے؟ اس موقع پر حضرت علی(ع) کی بیٹی جناب زینب(س) نے لوگوں کی طرف اشارہ کر کے انہیں خاموش ہونے کا حکم دیا! سانسیں سینوں میں حبس ہوئیں اور اونٹوں کے گردن میں باندھی ہوئی گھنٹیوں کی آوازیں بھی بند ہو گئیں۔ راوی کہتا ہے: کسی با پردہ خاتون کو ان سے زیادہ خوش بیان نہیں دیکھا تھا؛ گویا حضرت علی(ع) کی آواز میں بول رہی تھی۔

آپ(س) نے خدا کی حمد و ثنا اور پیغمبر اکرم(ص) پر درود بھیجنے کے بعد کوفہ والوں کو ان کی دوغلی پالیسی اور امام حسین(ع) کی مدد کرنے میں کوتاہی کرنے پر ان کی سرزنش کی اور جنت کے جوانوں کے سردار کو شہید کرنے پر ان کو قیامت کے دن بہت بڑے عذاب کا وعدہ دیا۔ حضرت زینب(س) کی تقریر کے بعد لوگ حیرانی کے عالم میں اپنی انگلیوں کو دانتوں تلے چبا رہے تھے۔

حضرت زینب(ع) کا خطبہ
اللہ کے نام سے جو بہت رحم والا نہایت مہربان ہے

سب تعريفيں خداوند ذوالجلال و الاکرام کے لئے ہيں اور درود و سلام ہو ميرے نانا محمد (ص) پر اور ان کي طيب و طاہر اور نيک و پاک اولاد پر۔ اما بعد! اے اہلِ کوفہ! اے اہل فريب و مکر! کيا اب تم روتے ہو؟ (خدا کرے) تمھارے آنسو کبھي خشک نہ ہوں اور تمھاري آہ و فغان کبھي بند نہ ہو! تمھاري مثال اس عورت جيسي ہے جس نے بڑي محنت و جانفشاني سے محکم ڈوري بانٹي اور پھر خود ہي اسے کھول ديا اور اپني محنت پر پاني پھير ديا تم (منافقانہ طور پر) ايسي جھوٹي قسميں کھاتے ہو، جن ميں کوئي صداقت نہيں۔ تم جتنے بھي ہو، سب کے سب بيہودہ گو، ڈينگ مارنے والے، پيکرِ فسق و فجور اور فسادي، کينہ پرور اور لونڈيوں کي طرح جھوٹے چاپلوس اور دشمني کي غماز ہو۔ تمھاري يہ کيفيت ہے کہ جيسے کثافت کي جگہ سبزي يا اس چاندي جيسي ہے جو دفن شدہ عورت (کي قبر) پر رکھي جائے۔ آگاہ رہو! تم نے بہت ہي برے اعمال کا ارتکاب کيا ہے۔ جس کي وجہ سے خدا وند عالم تم پر غضب ناک ہے۔ اس لئے تم اس کے ابدي عذاب و عتاب ميں گرفتار ہو گئے۔ اب کيوں گريہ و بکا کرتے ہو؟ ہاں بخدا البتہ تم اس کے سزاوار ہو کہ روۆ زيادہ اور ہنسو کم۔ تم امام عليہ السلام کے قتل کي عار و شنار ميں گرفتار ہو چکے ہو اور تم اس دھبے کو کبھي دھو نہيں سکتے اور بھلا تم خاتم نبوت اور معدن رسالت کے سليل (فرزند) اور جوانان جنت کے سردار، جنگ ميں اپنے پشت پناہ، مصيبت ميں جائے پناہ، منارہئ حجت اور عالم سنت کے قتل کے الزام سے کيونکر بري ہو سکتے ہو۔ لعنت ہو تم پر اور ہلاکت ہے تمہارے لئے۔ تم نے بہت ہي برے کام کا ارتکاب کيا ہے اور آخرت کے لئے بہت برا ذخيرہ جمع کيا ہے۔ تمھاري کوشش رائيگاں ہو گئي اورتم برباد ہو گئے۔ تمہاري تجارت خسارے ميں رہي اور تم خدا کے غضب کا شکار ہو گئے۔ تم ذلت و رسوائي ميں مبتلا ہوئے۔ افسوس ہے اے اہل کوفہ تم پر، کچھ جانتے بھي ہو کہ تم نے رسول (ص) کے کس جگر کو پارہ پارہ کر ديا؟ اور ان کا کون سا خون بہايا؟ اور ان کي کون سي ہتک حرمت کي؟ اور ان کي کن مستورات کو بے پردہ کيا؟ تم نے ايسے اعمال شنيعہ کا ارتکاب کيا ہے کہ آسمان گر پڑيں، زمين شگافتہ ہو جائے اور پہاڑ ريزہ ريزہ ہو جائيں۔ تم نے قتلِ امام کا جرم شنيع کيا ہے جو پہنائي و وسعت ميں آسمان و زمين کے برابر ہے۔ اگر اس قدر بڑے پر آسمان سے خون برسا ہے تو تم تعجب کيوں کرتے ہو؟ يقيناً آخرت کا عذاب اس سے زيادہ سخت اور رسوا کن ہوگا۔ اور اس وقت تمہاري کوئي امداد نہ کي جائے گي۔ تمہيں جو مہلت ملي ہے اس سے خوش نہ ہو۔ کيونکہ خداوندِ عالم بدلہ لينے ميں جلدي نہيں کرتا کيونکہ اسے انتقام کے فوت ہو جانے کا خدشہ نہيں ہے۔ ”يقيناً تمہارا خدا اپنے نا فرمان بندوں کي گھات ميں ہے”۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: