اتوار کی سہ پہر (20 محرم 1443 ھ) بمطابق(29 اگست ، 2021) کو عراقی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ جناب عبد الغنی اجیل الاسدی نے اپنے وفد کے ہمراہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں حاضری کا شرف حاصل کیا۔
مراسمِ زیارت ادا کرنے کے بعد انھوں نے روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے سیکرٹری جنرل سید محمد اشیقر، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران اور متعدد شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر عشرہ محرم کے دوران روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بات کی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ کورونا وبا کے باعث غیر معمولی حالات کے باوجود روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں آنے والے زائرین کوسکیورٹی اورمیڈیکل سمیت بہترین خدمات فراہم کی گئیں۔ سیکریٹری جنرل سید محمد اشیقر نے وفد کو زائرین اربعین کے استقبال کے لئے روضہ مبارک کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم زائرین کو بہترین خدمات اور صحت و سلامتی کے حوالے سے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ئیں گے۔
اس ملاقات کے اختتام پرعراقی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سربراہ جناب عبد الغنی اجیل الاسدی نے عراقی معاشرے کو وسیع تر خدمات کی فراہمی کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی کاوشوں کو بے حد سراہا ۔