روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مضیف نے زیارت عاشوراء کے دوران (300،000) زائرین امام حسین علیہ السلام کو کھانا فراہم کیا اور کھانے کی تقسیم کا یہ سلسلہ یکم محرم سے تیرہویں محرم تک جاری رہا۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مضیف نے کورونا وبا کے پھیلاو کے باعث زیارت عاشوراء کے دوران زائرین کرام کی صحت و سلامتی کے پیش نظر بہت سے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے خدمات کا سلسلہ جاری رکھا اور روضہ مبارک کے میڈیکل ڈویژن اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر مکمل عمل پیرا ہوتے ہوئے زائرین کرام کو اپنی خدمات پیش کیں تاکہ زائرین اور ان کی خدمت کرنے والوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف کے انچارج الحاج عادل الحمامی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا:"زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کا اعزاز حاصل کرنے کے لئے ہم نے محرم کی آمد سے پہلے ہی وسیع تیاریاں شروع کر رکھی تھیں اور ہم نے زائرین کو یکم محرم سے تیرہ محرم تک دن میں تین مرتبہ کھانا فراہم کیا۔ "
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئےکہا: "زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر یکم محرم ہی سے خدمات کا سلسلہ وسیع تر ہوتا گیا جو کہ آٹھویں محرم کے بعد عروج پر پہنچ گیا۔ دس محرم کو خدمات کو کئی گنا وسیع کردیا گیا کیونکہ ان دنوں میں زیادہ تر کربلائی خدماتی مواکب بھی عزائی کوسوں اور مراسم عزا کے احیاء میں مصروف تھے۔ مضیف کی جانب سے خدمات کی فراہمی کا یہ سلسلہ یکم محرم سے تیرہ محرم تک جاری رہا۔
انھوں نے کہا: "ہماری خدمات صرف اس پہلو تک محدود نہیں تھیں ، بلکہ ہم نے خدماتی مواکب کی ضروریات پورا کرنے کے لئے انھیں غذائی مواد فراہم کیا۔ اس کے علاوہ رکضہ طوریج کے دوران عزاداروں کو ہزاروں گلاس ٹھنڈا پانی فراہم کیا گیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا مضیف اہل بیت (ع) کی ہر مناسبت اور خاص طور پرزیارت عاشورہ کے دوران کھانے کی خدمت کے میدان میں آنے والے تمام زائرین کے لئے ایک مخصوص اور معروف علامت بن گیا ہے۔ تمام مخصوص مناسبات کے دوران لاکھوں زائرین کو اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے مضیف کا عملہ دن رات سرگرم عمل رہتا ہے۔