روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا مضیف زائرین کو مسلسل خدمات مہیا کرتا ہے اور ہر جمعرات اور جمعہ کو زائرین کی کثیر تعداد کی آمد کے پیش نظر ان خدمات میں کئی گنا اضافہ کر دیا جاتا ہے ، کیونکہ کربلا مقدسہ آنے والے زائرین کی بڑی تعداد مضیف کی جانب سے پیش کردہ کھانے کو تبرکا کھاتی ہے اور اسے اپنے لئے باعث شرف قرار دیتی ہے۔
حضرت عباس علیہ السلام کا مضیف آئمہ اہل بیت علیہم السلام سے منسوب ایام بالخصوص ایام شہادت کے احیاء کے لئے کربلا آنے والے زائرین اور عزاداروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کرتا ہے اور اس سال امام سجاد علیہ السلام کا یوم شہادت اور شب جمعہ کے اکٹھا ہونے کے سبب لاکھوں عزادار پرسہ پیش کرنے کے لئے کربلا میں موجود تھے جس کے پیش نظر مضیف کی جانب سے دسیوں ہزار افراد کے لئے کھانا تیار کیا گیا تھا جیسےمضیف کے بیرونی ڈسٹریبیوشن پوائنٹ کے ذریعے ایک منظم طریقے سے زائرین میں تقسیم کیا گیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف کے انچارج الحاج عادل الحمامی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "ہم نے امام سجاد علیہ السلام کے یوم شہادت اور شب جمعہ کے لئے پہلے ہی سے تیاریاں شروع کر دی تھیں۔ ہم عزاداروں اور زائرین کرام کو نماز فجر کے بعد ناشتہ، ظہرین کی نماز کے بعد دوپہر کا کھانا اور نماز مغربین کے بعد رات کا کھانا پیش کر رہے تھے۔ مضیف کی جانب سے زائرین امام حسین علیہ السلام کو تین اوقات کے کھانے کے علاوہ دن بھر چائے، مشروبات اور پانی بھی پیش کیا گیا۔ "
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : " صحت کے موجودہ حالات کے پیش نظر تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کھانا تقسیم کرنے کا کام انتہائی منظم انداز میں کیا گیا۔"