ایک ماتمی انجمن کا جلوس عزاء کہ جو ہمیں سانحہ کربلا کو دل کی آنکھوں سے پڑھنے کی دعوت دیتا ہے۔

ھیئت مصباح الھدی کا جلوس
الکفیل انٹرنیشنل نیٹ ورک کے کیمرہ مینوں اور فوٹو گرافروں نے اس ماتمی جلوس کی جو تصاویر لی ہیں شاید وہ ان جذبات کی عکاسی کرنے سے قاصر ہیں کہ جو اس ماتمی انجمن کے جلوس کے شرکاء کے دل و دماغ میں راسخ ہیں۔
اس ماتمی انجمن کے جلوس کے بارے میں کچھ کہنے یا لکھنے سے پہلے میں اس ماتمی انجمن کا تعارف کرواتا چلوں کہ یہ حسینی انجمن چند کم سن بچوں نے مل کر 2013ء میں بنائی ہے اور اس کا نام انہوں نے امام حسین(ع) کے لقب کو مد نظر رکھتے ہوئے "ھیئت مصباح الھدی'' رکھا ہے اس حسینی و ماتمی انجمن کے جلوس میں 15افراد سے زیادہ عزادار شامل نہ تھے اور ھیئت مصباح الھدیٰ کے جلوس میں شامل سب سے بڑے فرد کی عمر بھی 15سال سے کم تھی اور اس حجم کا یہ جلوس حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے باہر ان انجمنوں کے جلوسوں کے ساتھ روضہ مبارک میں داخل ہونے کے لیے اپنی باری کا انتظار کر رہا تھا کہ جو انجمنیں عشرہ محرم کے دوران بڑے بڑے ماتمی جلوس نکالتی ہیں اور ان جلوسوں میں کم سے کم افراد کی تعداد بھی ہزاروں میں ہوتی ہے اور ہر جلوس میں شامل افراد بڑی بڑی مشعلیں اٹھائے ہوئے ہوتے ہیں اور بڑے بڑے بینروں کو جلوس میں شامل افراد نے اٹھایا ہوتا ہے کہ جن پر انجمن کا نام اور دوسرے شعائر حسینی لکھے ہوتے ہیں۔
ھیئت مصباح الھدی کا ظاہری طور پر بہت چھوٹا سا جلوس اتنے بڑے بڑے جلوسوں کے درمیان امام حسین(ع) کے مشن کو باقی رکھنے اور تاقیامت حسینیت کے بقاء کے لیے ہر شیعہ بچے کے دل میں موجود بہت بڑے عزم، حوصلہ اور قوی ارادے کی ترجمانی کر رہا تھا۔
اس چھوٹے سے جلوس میں شامل بچے دوسرے بڑے بڑے جلوسوں میں نہ تو اپنے وجود کو چھوٹا سمجھ رہے تھے اور نہ ہی ان کی کم سنی انہیں شعائر حسینی کے قیام میں پریشان کر رہی تھی ہر بچہ اپنی پوری طاقت سے ماتم کر رہا تھا اور حسینی نعرے لگا رہا تھا۔
یہ ماتمی جلوس ہمیں بلکہ ہر انسان کو سانحہ کربلا کو دل کی آنکھوں سے پڑھنے کی دعوت دیتا ہے کہ جس نے ہر عمر کے انسان کو حق کی بلندی کے لیے حوصلہ عطا کیا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: