چہلم امام حسین(ع) کے احیاء کے لیے عراق میں سب سے پہلے بصرہ گورنریٹ کے مومنین کربلا کی جانب پیدل سفر شروع کرتے ہیں لہذا ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی (29 محرّم 1443هـ) بمطابق (6 ستمبر 2021ء) کو بصرہ کے جنوبی حصہ میں واقع الفاؤ شہر کے آخری قصبے رأس البیشۃ سے مومنین کی بڑی تعداد نے کربلا کی جانب پیدل سفر شروع کر دیا ہے۔ کربلا سے تقریبًا 675 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع رأس البیشۃ وہ علاقہ ہے کہ جہاں کے مومنین اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پہ سب سے پہلے کربلا کی طرف پیدل نکلتے ہیں۔
سفر شروع کرنے سے پہلے یہاں مرحوم آيت اللہ العظمی سید محمد سعید الحکیم (قدس سرہ) کے مؤسّسةُ الشعائر اور دیگر مواکب کے تعاون سے نواں سالانہ اربعین مارچ سمینار منعقد ہوا جس میں علاقے کے مومنین اور بہت سی علمی و ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔
(من البحر إلى النحر) "سمندر سے مقتل تک" کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس سمینار کی انتظامی کمیٹی کے رکن شیخ فیصل عبادی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو اس سیمینار سے مرحوم آیت اللہ حکیم کے خاندان کے کسی فرد نے خطاب کرنا تھا لیکن وہ مرحوم آیت اللہ کی تجہیز وتکفین اور تدفین میں مصروفیت کی وجہ سے نہیں آ سکے انھوں نے کہا کہ یہ مراسم عزاداری مذھب حقہ کی بقا اور اسمترار کے اہم ترین اسباب میں سے ایک ہیں اور ہمیں اللہ کے زیادہ قریب لے جاتے ہیں۔
اس وقت بصرہ کے دیگر علاقوں سے بھی مومنین رأس البیشۃ سے نکلنے والے قافلے کے ساتھ ملتے جا رہے ہیں اور کربلا کی طرف پیدل آنے والوں کا یہ قافلہ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔
مومنین 25 سے 40 کلو میٹر یا اس سے بھی زیادہ کا سفر ہر روز پیدل طے کرتے ہیں اور کئی دنوں بلکہ ہفتوں تک پیدل چلنے کے بعد کربلا پہنچتے ہیں اور اربعین امام حسین علیہ السلام کی مراسیم کے احیاء میں شریک ہوتے ہیں۔
کربلا آنے والے تمام راستوں میں امام بارگاہوں، حسینیات اور مواکب میں پیدل آنے والے مومنین کی رہائش اور طعام کے بھر پور انتظامات کیے جاتے ہیں اس وقت بصرہ کی حدود میں سڑک کے دونوں اطراف خدماتی مواکب کی بہت بڑی تعداد مومنین کو ہر طرح کی سروس فراہم کر رہے ہیں اور انفرادی طور پر گھروں اور دیگر مقامات میں زائرینِ اربعین کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات اس کے علاوہ ہیں۔
الکفیل نیٹ ورک کی جانب سے رأس البیشۃ سے زائرین اور ان کی خدمت کرنے والے مواکب کی لی گئی کچھ تصاویر آپ بھی انھیں ذیل میں دیکھ سکتے ہیں: