زیارت اربعین کے دوران زائرین حسینی کو وسیع تر اور بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شیخ الکلینی سروس کمپلیکس جو کہ بغداد کربلا روڑ پر واقع ہے میں بڑے پیمانے پر مرمت و بحالی کے ساتھ ساتھ توسیعی و ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔ ترقی و بحالی کے یہ تمام تر کام روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ اینڈ مینٹینینس ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے انجام دیے ہیں۔
شیخ الکلینی سروس کمپلیکس کے انچارج علی مہدی الصافی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا: "مرمت، بحالی اور ترقی کے یہ تمام کام زیارت اربعین کی تیاریوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد زیارت اربعین کے دوران کربلا پیدل آنے والے لاکھوں زائرین کو بہترین اور وسیع تر خدمات اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: "مرد حضرات کو ٹھہرانے کے لئے دو ہالز( ہر ہال کا رقبہ 200 مربع میٹر ہے) بنائے گئے تھے جبکہ خواتین کے لیے ان ہالز پر دوسری منزل تعمیر کی گئی تھی ، جسے اب رضاکاروں کے لیے رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ خواتین زائرین کی خدمت کے لیے ایک اور جگہ تیار کی گئی ہے۔ "
انھوں نے کہا: "ایام زیارت کے دوران شدید گرم موسم کے پیش نظر ہم نے کمپلیکس کے سامنے کی جگہ پر لوہے کے شیڈز اور ساران کا استعمال کرتے ہوئے جگہیں تیار کی ہیں تاکہ سایہ فراہم کرتے ہوئے زائرین کو آرام کے لئے اضافی جگہیں فراہم کی جا سکیں۔ "
انہوں نے مزید کہا ، "روضہ مبارک کے انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے واٹر ڈویژن کی طرف سےکمپلیکس میں واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ (RO) بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ زائرین اور مواکب حسینی جلوسوں کے ساتھ ساتھ گردونواح کے مکینوں کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی حصہ ڈالا جا سکے۔ "
انھوں نے مزید کہا: " اربعین اور زائرین کے استقبال کے لئے ان کاموں کے متوازی طور پربھی کئی تیاریاں کی گئی ہیں
جو یہ ہیں:
زائرین کے قیام اور آرام کے لئے ہالز کی تیاری۔
- پورے کمپلیکس کو جراثیم سے پاک کرنا۔
- کمپلیکس کے مرکزی باورچی خانے کی تیاری اور اس کو درکار تمام سامان کی فراہمی۔
- بجلی کے آلات اور سامان کی مرمت اور بحالی۔
- سینٹری یونٹس کی تیاری اور انہیں حفظان صحت اورجراثیم کشی کے لئے درکار تمام اشیاء کی فراہمی۔
- مرد اور خواتین کے لئے محکمہ کربلا کے تعاون سے ایک اضافی طبی یونٹ کے کا قیام۔
- گمشدہ افراد کی رہنمائی کے لئے خصوصی مرکز کا قیام۔
- موجودہ طبی صورتحال کے حوالے سے صحت کے رہنما خطوط کے مطابق تعلیمی اور رہنمائی منصوبوں کی تیاری۔
کمپلیکس کے ملازمین کو خدماتی اور طبی کام میں معاونت فراہم کرنے کے لئے رضاکاروں کی تیاری۔ "
واضح رہے کہ شیخ کلینی کمپلیکس کربلا شہر کے مرکز سے 17 کلومیٹر دور کربلا بغداد روڈ پر واقع ہے۔ 21104 مربع میٹر رقبہ پر قائم یہ کمپلکس روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی ان بیرونی سائٹس میں سے ایک ہے کہ جو کربلا آنے والے راستوں پر زائرین کی خدمت کے لیے تعمیر کی گئی ہیں۔