نجف کربلا روڈ پر واقع روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مہمان خانہ کو پیدل آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے کھول دیا گیا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی بروز بدھ (30 محرم الحرام 1443هـ ) بمطابق 8 ستمبر 2021ء کو نجف کربلا روڈ پر واقع روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف (مہمان خانہ) کو اربعین امام حسین(ع) کے موقع پر پیدل آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے کھولنے کے پہلے دن علمدارِ وفا حضرت عباس علیہ السلام کے علم کی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی کہ جس میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام، اداری سربراہان اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن جناب جواد الحسنوی نےاس موقع پر الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام ہر سال بیرونی مضیف میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کرتا ہے اور مہمان خانے پر لہراتا ہوا یہ علم (نجف - کربلا) روڈ پر آنے والے زائرین کو خدمات کی فراہمی کے آغاز کی علامت ہے ، کیونکہ یہ مہمان خانہ ان اہم مقامات میں سے ایک ہے جہاں سے زائرین کی بہت بڑی تعداد آتی ہے۔ "
بیرونی مضیف کے سربراہ سید کاظم طاہر الموسوی نے کہا: "روضہ مبارک کا بیرونی مضیف سال بھر زائرین کو اپنی خدمات مہیا کرتا ہے ، لیکن زیارت اربعین کے دوران کربلا آنے والے لاکھوں زائرین کی آمد کی وجہ سے ، خاص طور پر اس سڑک (نجف-کربلا روڈ) سے، فراہم کی جانے والی خدمات کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔ "
الموسوی نے مزید کہا: "یکم صفرسے 20 صفر تک ہمارا مضیف زائرین سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کو طبی کی خدمات کے علاوہ کھانے ، پینے اور رہائش کے لحاظ سے مربوط خدمات مہیا کرتا ہے۔ "
مضیف حضرت عباس علیہ السلام میں بلند کیا جانے والا یہ علم زمین سے 40 میٹر بلند ہے جبکہ اس علم کی لمبائی 17 میٹر ہے اور چوڑائی 13 میٹر ہے اور اس کے اوپر (السلام عليك يا حامل لواء الحسين عليه السلام)سرخ رنگ میں لکھا ہوا ہے۔