مابین الحرمین میں جناب رقیہ(ع) کے مصائب کی یاد دلاتا دسترخوان

شام کے زندان میں شہید ہونے والی امام حسین(ع) کی کم سن بیٹی جناب رقیہ(ع) کی یاد میں(4 صفر 1443هـ) بمطابق (12 ستمبر 2021ء) کو اہل کربلا نے امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک سے لے کر حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک تک لمبا اور منفرد دستر خوان بچھایا کہ جو جناب رقیہ کی یاد میں لگایا جانے والا طویل ترین دسترخوان ہے لیکن یہ دسترخوان کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل نہیں بلکہ اس کی ہر چيز جناب رقیہ کے مصائب کی یاد دلاتی اور آنکھ سے آنسو بہاتی.....

ہر سال کی طرح اس سال بھی مُنتدى العالميّ لخَدَمَة السيّدة رقيّة(عليها السلام) نامی تنظیم نے مابین الحرمین کے خدام کے ساتھ مل کر اس منفرد رسمِ عزاء کے تمام انتظامی امور سرانجام دیے اس عزائی تقریب کا آغاز الحاج مصطفى الصرّاف نے تلاوتِ قرآن مجید اور زیارت جناب رقیہ سے کیا اس کے بعد سيّد هشام البطاط نے سيّدة رقيّة(عليها السلام) اور اہل بیت کے فضائل و مصائب بیان کیے اور جناب رقیہ(ع) کی شہادت کا واقعہ پڑھا۔ مجلس کے آخر میں نوحہ خوانی اور ماتم داری ہوئی۔

واضح رہے کہ تاریخی کتابوں میں مذکور ہے کہ جناب رقیہ کی شہادت دمشق کے اس کھنڈر میں ہوئی جہاں اسیران کربلا کو قید کیا گیا تھا۔۔۔ حضرت رقیہ(س) کی شہادت کا واقعہ ملا حسین کاشفی نے کتاب روضة الشہداء، ساتویں صدی ہجری کے بزرگ عالم عماد الدین طبری نے اپنی کتاب ''کامل''(کامل بہایی) اور بہت سے علماء نے اپنی کتابوں میں یوں لکھا ہے کہ حضرت رقیہ(س) زندان میں نیند سے اٹھیں اور روتے ہوئے بولیں: این ابی؟ میرے بابا کہاں ہیں؟ اس کے بہت گریہ کرنے لگيں اور جب یزید نے اس بچی کے رونے کی آواز کو سنی تو حکم دیا کہ امام حسین(ع) کا سر اقدس اس بچی کے پاس بھیج دیا جائے، جب اپنے بابا کے سر اقدس کو دیکھا تو اسی وقت وفات پائی۔

اس بات کا میں یہاں ذکر کرتا چلوں کہ تاریخی کتابوں میں یہ بات ثابت ہے کہ زندان شام میں حضرت امام حسین(ع) کی ایک چار سالہ بیٹی شہید ہوئيں تھیں اور ان کی شہادت کا واقعہ بھی ایک ہی طرح بیان کیا جاتا ہے البتہ ہمارے برصغیر میں یہ واقعہ حضرت سکینہ(ع) کے بارے میں معروف ہے جبکہ ایران، عراق اور دوسرے ممالک میں یہی واقعہ حضرت رقیہ کے حوالے سے معروف ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: