اربعین کی سونامی لہر مثنّیٰ گورنریٹ سے گزر رہی ہے اور وہاں کے رہنے والے زائرین کے قدموں میں پلکیں بچھا رہے ہیں

آج بروز جمعہ (9 صفر الخیر 1443ھ) بمطابق (17 ستمبر 2021ء) صبح سویرے ہی جنوبی عراق سے پیدل آنے والے زائرین بڑی تعداد میں مثنّیٰ گورنریٹ اور اس کے مرکزی شہر سماوہ میں پہنچنا شروع ہو گئے تھے، یہ زائرین ناصریہ کے مختلف راستوں خاص طور پر نواحی شہر بطحاء سے ہوتے ہوئے سماوہ پہنچ رہے ہیں۔ کہ جو ناصریہ شہر کے شمال میں 45کلو میٹر کے فاصلے پر اور مثنّیٰ گورنریٹ کی اداری سرحد سے 70کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اربعین امام حسین(ع) کے اس ملینز مارچ کے ساتھ ساتھ آنے والے الکفیل نیٹ ورک کے نمائندے نے بتایا ہے کہ "ناصریہ گورنریٹ کے راستے آنے والے زائرین بطحاء اور دراجی کے علاقے سے گزر کر مضافاتی قصبے ھویشلی کے علاقے سے مثنّیٰ گورنریٹ میں داخل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: "اہل ناصریہ اور وہاں کے مواکب نے تین دن سے زیادہ زائرین کو ہر طرح کی خدمات فراہم کیں اور بہت سے مواکب ابھی تک خدمات فراہم کر رہے ہیں، جن علاقوں سے زائرین گزر کر اگلے علاقوں میں جا چکے ہیں، وہاں کے مواکب نے اپنا سامان پیک کرنا شروع کر دیا ہے، ان میں سے بھی مواکب کی ایک بڑی تعداد اپنا سامان ٹرکوں میں ڈال کر کربلا اور اس کے قریبی علاقوں میں جا رہی ہے تاکہ وہاں پر عزائی اور خدماتی سرگرمیوں میں شریک ہو سکے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ: جب جنوبی علاقوں سے آنے والے زائرین کے ساتھ ہم مثنّیٰ گورنریٹ پہنچے تو ہم نے وہاں کے رہنے والوں اور مواکب کو زائرین کے استقبال اور ان کی خدمت کے لیے مکمل طور پر تیار پایا ہر ایک وراثت میں ملے بہترین انداز اور روایتی الفاظ کے ساتھ زائرین کا استقبال کر رہا ہے اور ان کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

جبکہ دوسری طرف میسان گورنریٹ سے زائرین کی سونامی لہر سماوہ سے ہوتی ہوئی دیوانیہ کی طرف بڑھ رہی ہے کہ جہاں سے زائرین کا ایک حصہ براستہ نجف اور دوسرا حصہ براستہ حلہ کربلا پہنجے گا بلکہ اس وقت پہلے نکلنے والے بہت سے زائرین نجف اور حلہ سے گزر رہے ہیں۔

اسی طرح واسط گورنریٹ کے زائرین ابھی تک بابل گورنریٹ اور اس کے مرکزی شہر حلہ کی جانب گامزن ہیں کہ جو وہاں سے گزر کر کربلا پہنچیں گے۔

اربعین امام حسین(ع) کے اس ملینز مارچ میں سینکڑوں کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے والے یہ کروڑوں زائرین اور ان کی خدمت کے لیے ہر جگہ موجود لاکھوں مومنین کو اس عمل پر کاربند رکھنے والی ایک چیز ہے اور وہ ہے: عشقِ حسین(ع) کہ جس کی پوری دنیا میں کوئی نظیر نہیں...........

الکفیل نیٹ ورک کے فوٹو گرافروں نے ہمیں جو تصاویر ارسال کی ہیں ان میں سے بعض کو آپ بھی ذیل میں دیکھ سکتے ہیں:
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: