روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے نجف کربلا روڈ پر واقع موکب ام البنین(ع) کے ساتھ ہی العمید یونیورسٹی اور ہلال احمر کے مشترکہ تعاون سے موبائل کلینک کھولا گیا ہے کہ جس میں بہترین طبی ماہرین وہاں موجود جدید ترین طبی مشینری اور ادویات کے ذریعے زائرین اربعین کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
العمید یونیورسٹی کے سربراہ کے اداری معاون ڈاکٹر علاء موسوی نے کہا ہے کہ: ہماری یونیورسٹی ناصرف اپنے موکب ام البنین(ع) کے ذریعے زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے بلکہ زائرین کی خدمت میں کوشاں دیگر افراد اور مواکب کے ساتھ مل کر بھی اس سلسلہ میں کام کرتی ہے۔ ہماری یونیورسٹی زائرین کو جو خدمات فراہم کر رہی ہے ان میں طبی خدمات بھی شامل ہیں نجف - کربلا روڈ سے کربلا آنے والے زائرین کے لیے یونیورسٹی کے پہلو میں قائم کیے گئے اس موبائل کلینک میں عام ضرورت کی تقریبا تمام طبی سہولیات میسر ہیں۔
عراقی ہلال احمر اور اس کلینک کی طبی ٹیم کے رکن پروفیسر حسام سمیر نے اس کلینک کے بارے میں مزید بتایا کہ ہلال احمر نے یہ موبائل کلینک عراقی وزارت صحت اور کویتی ہلال احمر کے تعاون سے تیار کیا ہے اس میں مختلف طرح کے طبی آلات موجود ہیں کہ جن میں سی ٹی سکین مشین، الٹرا ساؤنڈ سکین مشین، اکسرے مشین، مختلف طرح کے طبی ٹیسٹ کے آلات اور بلڈ پریشر ناپنے کے جدید ترین آلات سمیت بہت سے دیگر آلات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے پاس زائرین اور دیگر مریضوں کی ضرورت کی تمام ادویات موجود ہیں، جو انھیں کویت کی ریاست نے فراہم کی ہیں اور ہمارے ساتھ ہلال احمر اور العمید یونیورسٹی کا طبی عملہ زائرین کو دن رات خدمات فراہم کر رہا ہے۔