روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے قرآن انسٹی ٹیوٹ بابل نے زائرینِ اربعین کو نماز میں پڑھی جانے والی سورتوں کی درست قرائت سکھانے کے لیے پچھتر 75 اساتذہ پر مشتمل ایک قرآنی سٹیشن کھول رکھا ہے۔
اس سٹیشن میں سورۃ فاتحہ اور نماز میں پڑھی جانے والی دیگر مختصر سورتوں اور تسبیحات کی درست قرائت سکھائی جا رہی ہے، اس کے علاوہ اس میں عقائدی اور فقہی سوالات کے جوابات دینے کے لیے بھی علماء کرام موجود ہیں، اسی طرح یہاں وقفے وقفے سے قرآن کریم سے متعلق معلوماتی مقابلہ بھی منعقد کیا جاتا ہے اور قرآنی آیات اور روایات کے حفظ کا مقابلہ بھی کروایا جاتا ہے، اس قرآنی سٹیشن سے ہر روز کربلا کی جانب پیدل جانے والے ہزاروں زائرین استفادہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قرآن انسٹی ٹیوٹ اور اس کی تمام شہروں میں موجود شاخوں نے کربلا آنے والے تمام راستوں پر قرآنی کیمپس یا قرآنی سٹیشنز قائم کر رکھے ہیں کہ جہاں وہ قرآنی خوانی اور قرآنی تعلیمات کو فروغ دے رہے ہیں۔