حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے یونیورسٹی تعلقات کے شعبہ کے تحت کام کرنے والے قرآنی یونٹ نے خاص طور پر کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلاب کے لئے منعقد ہونے والی دوسری ''محفلِ قرآن'' کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
یہ محفلِ قرآن 22 نومبر 2013ء کو رات کے وقت منعقد ہو گی اور اس میں مختلف عراقی یونیورسٹیوں، کالجوں کے ہزاروں طلاب شرکت کر رہے ہیں اور ان کے علاوہ کربلا کے محکمہ تعلیم و تربیت کے سکول کے طلاب کی بھی بہت بڑی تعداد اس محفلِ قرآن میں شرکت کرے گی۔
یہ محفلِ قرآن روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے فتیة الکفیل الوطنی کے نام سے شروع کئے جانے والے پروگرام کا ایک حصہ ہے اس پروگرام کے تحت روضہ مبارک سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلاب کی تعلیم و تربیت اور ان میں دینی رجحانات کو پیدا کرنے کے لئے سارا سال بہت سے پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے۔
اس محفلِ قرآن میں عراق اور دوسرے ملکوں سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ قاری تلاوتِ قرآن مجیدکا شرف حاصل کریں گے اور تلاوت کے علاوہ واقعہ کربلا اور امام حسین علیہ السلام کے مصائب کے حوالے سے مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی بھی ہو گی۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے صحن میں منعقد ہونے والی اس قرآنی محفل کو بہت سے میڈیا ادارے نشر کریں گے یہ بات واضح رہے کہ اس قرآنی محفل کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلہ میں روضہ مبارک کے قرآن انسٹی ٹیوٹ اور تعلیم و تربیت کے امور کے لئے بنائی گئی کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔