روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مضیف نے زیارت اربعین کے دوران 12 لاکھ سے زائد افراد کا کھانا تقسیم کیا

روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے مضیف نے زیارت اربعین کے دوران 12 لاکھ سے زائد افراد کا کھانا تقسیم کیا اور کھانے کی تقسیم کا یہ سلسلہ یوم اربعین کے بعد ٢١صفر تک جاری رہا۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے مضیف کے انچارج الحاج عادل الحمامی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "موجودہ ملکی وعالمی طبی حالات یعنی کورونا وبا کے باعث ہم نے زیارت اربعین کے دوران زائرین کرام کی صحت و سلامتی کے پیش نظر بہت سے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے خدمات کا سلسلہ جاری رکھا اور روضہ مبارک کے میڈیکل ڈویژن اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر مکمل عمل پیرا ہوتے ہوئے زائرین کرام کو اپنی خدمات پیش کیں اور کھانے کی تقسیم کا یہ سلسلہ یوم اربعین کے بعد ٢١صفر تک جاری رہا۔ "
انہوں نے مزید کہا: " زیارت اربعین کے دوران حسب روایت ہمارے مضیف نے اپنے بیرونی آؤٹ لیٹس کھول دیے تھے جو کہ قبلہ اسٹریٹ اور حوراء اسٹریٹ میں حرم مطہر کے بہت قریب واقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ: " ہم زائرین کرام کو نماز فجر کے بعد ناشتہ، نماز ظہرین کے بعد دوپہر کا کھانا اور نماز مغربین کے بعد رات کا کھانا پیش کر رہے تھے اور مضیف میں مختلف مقامات سے آئے ہوئے زائرین کے ذوق اور پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے کھانے تیار کئے گئے۔ مضیف کی جانب سے زائرین امام حسین علیہ السلام کو تین اوقات کے کھانے کے علاوہ تبرکا چائے، مشروبات اور پانی بھی پیش کیا گیا۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : "کھانا تقسیم کرنے کا کام انتہائی منظم انداز میں کیا گیا۔ مضیف کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے کھانے صرف زائرین تک ہی محدود نہیں تھے بلکہ ہم رضاکاروں اور سیکیورٹی فورسز کو بھی کھانا فراہم کر رہے تھے۔ "
انہوں نے اپنی بات کے اختتام پر کہا: "مضیف کا عملہ کربلا کے دونوں مقامات مقدسہ کے مہمان خانوں، روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کےسروس کمپلیکسز اور مموکب ام البنین علیہا السلام میں زائرین کے لئے کھانا تیار کرنے اور انھیں پیش کرنے کے لئے بھی خدمات فراہم کر رہا تھا۔ "
یہ بات قابل ذکر ہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا مضیف اہل بیت (ع) کی ہر مناسبت اور خاص طور پرزیارت اربعین کے دوران کھانے کی خدمت کے میدان میں آنے والے تمام زائرین کے لئے ایک مخصوص اور معروف علامت بن گیا ہے۔ زیارت اربعین کے دوران لاکھوں زائرین کو اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے مضیف کا عملہ دن رات سرگرم عمل رہتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: