الکفیل ہسپتال کی میڈیکل ٹیم نے بلیک فنگس سے متاثرہ متعدد افراد کا کامیابی سےعلاج کیا ہے

روضہ مبارک کے الکفیل ہسپتال کی میڈیکل ٹیم نے بلیک فنگس سے متاثرہ متعدد افراد کا کامیابی سےعلاج کیا ہے اور وہ صحت یاب ہو گئے ہیں۔ مذکورہ بالا افراد اس سے پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

الکفیل ہسپتال میں کان، ناک اور گلے کے ماہر ڈاکٹر عادل المسعودی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "حالیہ عرصے میں ہم سیاہ فنگس سے متاثر ہونے والے بہت سے لوگوں کا علاج کرنے میں کامیاب رہے ہیں، اور ہم ان کیسز کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور سب سے بڑی بات کہ بلیک فنگس سے متاثرہ تمام افراد صحتیاب ہوئے ہیں اور ہم نے ان میں سے کسی کو نہیں کھویا۔"

انھوں نے مزید کہا: "ہم نے جن مریضوں کا علاج کیا، ان میں سیاہ فنگس کا انفیکشن بہت بڑھ گیا تھا جو دماغ تک پھیل چکا تھا لیکن ان میں سے زیادہ تر افراد کی بینائی اور آنکھوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔"

انہوں نے نشاندہی کی کہ: "بلیک فنگس سے متاثر ہونے والے زیادہ تر لوگ وہ تھے جن کو ذیابیطس کا مرض لاحق تھا یا جن کی قوت مدافعت کمزور تھی، اور ہم نے ان کے انفیکشن پر قابو پالیا حالانکہ بلیک فنگس ایک خطرناک انفیکشن ہے اور اگر اس کا صحیح علاج نہ کیا جائے تو یہ بیماری جان لیوا ہے۔"

یہ بات قابل ذکر ہے کہ الکفیل سپیشلائزڈ ہسپتال اپنے جدید آلات، ٹیکنالوجیز اور جدید طبی سہولیات و خدمات کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل تجربہ کار اور ماہر طبی عملے کی وجہ سے کسی بھی بین الاقوامی ہسپتال سے کم نہیں ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: