روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے الکفیل ہاؤس فار پرنٹنگ،پبلشنگ اینڈ ڈسٹربیوشن نے اعلان کیا ہے کہ عراقی وزارت تعلیم کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے لیے دی گئی اسکولوں کی ٹیکسٹ بکس کی 1.660.000 کاپیوں کی چھپائی کا کام وزارت تعلیم اور الکفیل ہاؤس فار پرنٹنگ،پبلشنگ اینڈ ڈسٹربیوشن کے درمیان طے شدہ معاہدے کے مطابق مکمل کرلیا گیا ہے۔ یہ کتابیں تکنیکی خصوصیات اور معیار کے حوالے سے بیرون ملک چھپنے والی کتابوں سے بہتر اور کم قیمت ہیں۔ الکفیل ہاؤس فار پرنٹنگ،پبلشنگ اینڈ ڈسٹربیوشن نے وزارت تعلیم کی کتابوں کی چھپائی مقررہ وقت سے پہلے ہی مکمل کرتے ہوئے تمام کتابیں وزارت تعلیم کے حوالے کر دی ہیں۔
الکفیل ہاؤس فار پرنٹنگ،پبلشنگ اینڈ ڈسٹربیوشن کے ڈائریکٹر جناب فراس الابراہیمی نے الکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "ہمارا پرنٹنگ پریس جدید آلات اور ہنر مند اور تجربہ کار عملے پرمشتمل ہے یہی وجہ ہے کہ ہماری پبلکیشنز بین الاقوامی معیار کی حامل اور کم قیمت ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے وزارت تعلیم ہم سے کتابیں چھپوانے کے لئے معاہدہ کر رہی ہے اور اس سال ہم نے آرٹ میٹ پیپر ٹیکنالوجی کے ساتھ پہلی بار نصاب پرنٹ کیا ہے، جس نے پرنٹنگ کے معیار اور کتابوں کی خوبصورتی میں اور اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ: "پرنٹنگ پریس نے وزارت تعلیم کے ساتھ اپنی تمام پرنٹنگ ذمہ داریاں پوری کی ہیں اور ہمارے پرنٹنگ پریس نے سب سے پہلے کام مکمل کرتے ہوئے تمام کتابیں وزارت تعلیم کے حوالے کر دی ہیں۔ ساکھ اور معیار ہمارا نصب العین ہے اور پرنٹنگ ہاؤس کے ملازمین نے عملی طور پر اس کو ثابت کیا ہے۔"
وزارت تعلیم کے لئے چھاپی گئی کتابوں کی کی نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں۔
نمبر1: کتابوں کی چھپائی کے لئے لیے استعمال کیا گیا کاغذ ز یورپ سے برآمد کیا گیا ہے جو کہ ماحول دوست اور بہت ملائم ہے۔
نمبر 2: کتابوں کی چھپائی میں استعمال ہونے والے رنگ بہترین کوالٹی کے پکے رنگ ہیں۔
نمبر3: کتابوں کےکور نہایت مضبوط، خوبصورت اور فنکارانہ انداز میں بنائے گئے ہیں جو بچوں کے لیے کشش اور دلچسپی کا باعث ہوں گے۔
نمبر 4: الکفیل پرنٹنگ ہاؤس میں موجود جدید مشینوں اور آلات کی بدولت تصاویر اور فونٹ نہایت صاف اور واضح ہیں۔
نمبر5: ہر کتاب کی بائنڈنگ صفحات کی تعداد اور کتاب کے سائز کو مدنظر رکھتے ہوئے نہایت مضبوطی کے ساتھ کی گئی ہے۔
نمبر6: کتابوں کی چھپائی کے لئے استعمال کی گئی سیاہی بہترین اور ماحول دوست ہے۔
نمبر7: تمام تر کتابوں کی چھپائی ملکی افرادی قوت اور مقامی ذرائع استعمال کرتے ہوئے مکمل کی گئی ہے جس سے قومی سطح پرملکی مصنوعات کو فروغ ملے گا اور ملازمت کے مواقع بڑھیں گے۔