حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا سےعقیدت و محبت کا اظہار کرتی ہوئی بچوں کی فنکارانہ پینٹنگز

روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ شعائر حسینی کی جانب سے سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی المناک شہادت اور احیائے ایام فاطمیہ کے لئے منعقد کردہ مہرجان موسم الاحزان الفاطمی کی عزائی سرگرمیاں اور تقریبات جاری ہیں۔
انہی تقریبات کے ضمن میں شعبہ شعائر حسینی اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ تربیت و اعلی تعلیم کے اشتراک سے بچوں کے لئے ایک فری ڈرائنگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کے مصائب اور آپ سلام اللہ علیہا پر ڈھائے جانے والے مظالم کو یاد کرتے ہوئے آپ کے جلتے ہوئے گھر کی تصویر کشی کرنا ورکشاپ کا بنیادی تھیم تھا۔ یہ ورکشاپ خاص طور پر دس سال سے کم عمر بچوں کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ ورکشاپ کا انعقاد دونوں مقدس روضوں کے درمیان بین الحرمین میں کیا گیا تھا۔ بچوں کی بڑی تعداد نے اس ڈرائینگ ورکشاپ میں شرکت کرتے ہوئے جناب سیدہ سلام اللہ علیہا سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
شعبہ شعائر حسینی کے انچارج الحاج ریاض نعمہ السلمان نےالکفیل نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا: "یہ ڈرائینگ ورکشاپ مہرجان موسم الاحزان الفاطمی کی ابتدائی تقریبات میں سے ایک ہے جیسے شعبہ تربیت و اعلی تعلیم کے تعاون سے ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ اس ورکشاپ میں کم عمر بچوں نے جناب سیدہ سلام اللہ علیہا پر ڈھائے جانے والے مظالم اور آپ کے مصائب کو یاد کرتے ہوئے آپ سلام اللہ علیہا کے جلتے ہوئے گھر کی منظر کشی کی ہے۔ ورکشاپ کے آغاز پر بچوں کو سفید کاغذ اور مختلف رنگوں کی پینسل دی گئیں تاکہ وہ تاریخ کی ورق گردانی کرتے ہوئے جناب زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر کو آگ لگائے جانے کےالمناک واقعہ اور جناب زہرا سلام اللہ علیہا کے زخمی ہونے کے المناک حادثےکو یاد کرتے ہوئے اپنے تصورات کو کاغذ پر منتقل کرسکیں۔"

انہوں نے کہا،" اس تخلیقی سرگرمی کا مقصد بچوں کو اہل بیت علیہم السلام سے روشناس کروانا، ان کے دلوں میں اہل بیت علیہم السلام خصوصا حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی محبت پیدا کرنا، اہل بیت علیہم السلام خصوصا حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے ساتھ کئے جانے والے مظالم اور نا انصافیوں کو آشکار کرنا اور دنیا کو دکھانا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور اھل بیت علیھم السلام سے محبت ہماری شناخت کا حصہ اور ہمارے خمیر میں شامل ہے اور ہم اس محبت کو نسل در نسل منتقل کرنے کی آرزو اورجستجو میں ہیں۔۔"
شعبہ تربیت و اعلی تعلیم کے پروفیسر وسیم عبدالوحید النفیعی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا کہ "العمید ایجوکیشنل گروپ کے سکولوں کے بچوں کی اس تقریب میں شرکت دو مقاصد ہیں،
پہلا: بچوں کو ان تعلیمی اور دینی سرگرمیوں کے ذریعے سے ائمہ اطہار علیہم السلام سے وابستہ مواقع میں شامل کر کے ان کے دلوں میں اہل بیت علیہم السلام کی محبت پیدا کرنا اور دینی و تعلیمی اقدار کو بٹھانا ہے۔
دوسرا: بچوں کی تخلیقی، تحقیقی اور نفسیاتی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: