العلقمی سروس کمپلیکس میں واٹر ڈیسیلی نیشن پلانٹ (RO اسٹیشن) کی تعمیر وتنصیب مکمل

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے واٹر ڈویژن کے عملے نے (بابل - کربلا) روڈ پر واقع العلقمی سروس کمپلیکس میں واٹر ڈیسیلی نیشن پلانٹ (RO اسٹیشن) کی تعمیر وتنصیب مکمل کرلی ہے۔ یہ پلانٹ ناصرف سروس کمپلیکس اور زائرین کو پینے کا پانی فراہم کرے گا بلکہ گردونواح کے رہائشی علاقوں کی پینے کے پانی کی ضروریات پورا کرنے میں بھی حصہ ڈالے گا۔

واٹر ڈویژن کے سربراہ انجینئر بسام الهاشمي نے کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام ایسے خدماتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرتا ہے جن کا معاشرے اور عراقی شہریوں کی زندگی سے براہ راست تعلق ہوتا ہے اور جتنا ہو سکے شہریوں کی مدد اور خدمت اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پینے کے صاف پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے کئی علاقوں میں واٹر ڈیسیلینیشن اسٹیشن (آر او اسٹیشن) قائم کیے ہیں تاکہ زندگی کی اس بنیادی ضرورت کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ کربلا اور دیگر علاقوں میں واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشنز کی تعمیر اور آلات کی تنصیب انجینئرنگ پراجیکٹس ڈیپارٹمنٹ کے اہم منصوبوں میں سے ہے۔ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کربلا اور دیگر علاقوں میں زائرین کرام اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 25 سے زائد واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن (آر.او اسٹیشن) لگائے گئے ہیں ، جن کی پیداواری صلاحیت 80،000 لیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ: "اس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فوری تنصیب کے لئے ہم نے تکنیکی ٹیم تشکیل دی جس نے اسٹیشن کی سائٹ کا سروے کرنے کے بعد تعمیر اور تنصیب کام شروع کر دیا تھا۔ یہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ 2000 لیٹر فی گھنٹہ کی پیداواری صلاحیت کا حامل ہے اور اعلی معیار کے الیکٹرک پمپس ، فلٹرز، پائپ لائنز اور سٹورنگ ٹینکس پر مشتمل ہے۔ "
انہوں نے مزید کہا، "یہ اسٹیشن اردگرد کے رہائشی علاقوں کو بھی پانی فراہم کرے گا، کیونکہ یہ علاقہ بھی پینے کے پانی کی کمی کا شکار ہے، اس کے علاوہ یہ اسٹیشن ایک اہم ترین راستے پر واقع ہے جیسے زائرین کرام سارا سال استعمال کرتے ہیں، اور حسینی خدماتی مواکب کی بہت بڑی تعداد بھی یہاں ایام زیارت کے دوران خدمات فراہم کرتی ہے، خاص طور پر ملین مارچ کے دوران، تو یہ واٹر سٹیشن زائرین اور مواکب کی بھی پانی کی ضروریات پوری کرے گا۔"
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: