روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے وابستہ شعبةُ الخطابة الحسينيّة کی جانب سے امام جعفر صادق علیہ السلام کی المناک شھادت کی یاد سالانہ مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے کی آخری مجلس عزاء کل شام، بروز جمعہ (25 شوال 1443ھ) کو (27 مئی 2022ء) کو روضہ مبارک کے صحن مطہر میں منعقد ہوئی۔ یہ مجالس عزاء تین دن تک جاری رہیں۔
یہ تین روزہ سالانہ مجالس عزاء ہر روز صبح اور شام کوبرپا ہوئیں جن میں زائرین کرام اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے خدام نے شرکت کی۔
شعبةُ الخطابة الحسينيّة کے سربراہ شيخ عبد الصاحب الطائي نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا کہ ہم ہر سال مشروع فاطمة الزهراء(عليها السلام) التبليغيّ کے ضمن میں اہل بیت اور ائمہ کرام علیہم السلام کے جشن ولادت اور ایام شہادت کے احیاء کے لئے محافل اور مجالس کا انعقاد کرتے ہیں۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کی المناک شھادت کی یاد منعقد کی جانے والی یہ سالانہ مجالس عزاء بھی اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔
ان سالانہ مجالس کے مارننگ سیشنزسے شيخ الخطيب محمد أمين الطرفي، جبکہ ایوننگ سیشنز سے شيخ كاظم البهادلي نے خطاب کرتے ہوئے امام علیہ السلام کے فضائل و مناقب، علمی خدمات اور مصائب بیان کئے اور مذہب اہل بیت علیہم السلام کی حفاظت و بقاء کے لئے آپ علیہ السلام کی کوششوں اور قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
ہر مجلس کے اختتام پر ملک کے معروف نوحہ خواں حضرات حسينيّين مهدي العبادي اور مرتضى الحميداوي نے نوحہ خوانی کی۔
واضح رہے امام جعفر صادق علیہ السلام کو عباسی خلیفہ منصور دوانقی نے زہر دے کر 25 شوال 148 ھ میں شہید کیا شھادت کے وقت آپ(ع) کی عمر 65 سال تھی آپ(ع) کو جنت البقیع میں اپنے والد اور دادا کی قبر اقدس کے ساتھ دفن کیا گیا۔ آپؑ کی قبر اقدس پہ مسلمانوں نے ایک عالی شان مزار تعمیر کیا تھا کہ جسے وہابیوں اور آل سعود نے مدینہ پر قبضہ کرنے کے بعد باقی تمام مقامات مقدسہ کی طرح مسمار کر دیا۔