بغداد انٹرنیشنل بک فیئر کے 23 ایڈیشن میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا پویلین ہر خاص و عام کی توجہ اور دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہاں آنے والوں میں ہر عمر کے افراد اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، طالب علم، دانشور، ماہرین تعلیم، ممتاز سماجی و علمی شخصیات شامل ہیں۔ جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے پویلین میں موجود متنوع مطبوعات ان کی خواہش اور ان کے فکری اور ثقافتی ذوق کے عین مطابق ہیں۔
پویلین کے نگران جناب محمد العراجی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا، "اس اہم ثقافتی فورم اور بین الاقوامی اور مقامی سطح پر منعقد کیجانے والی نمائشوں میں شرکت روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے فکری و ثقافتی منصوبوں میں شامل ہے جن کا مقصد کتاب اور مطالعہ کی عادت کو فروغ دینا اور ایسی نمائشوں کے ذریعے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی اہم فکری اور ثقافتی مصنوعات کو متعارف کروانا ہے۔
ہم ایسی نمائشوں میں شرکت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ ہمارا پویلین انسائیکلوپیڈیاز، فکری و ثقافتی موضوعات پر مشتمل کتابوں ، رسالوں کے علاوہ طلباء اور بچوں کے لئے بھی متنوع کتابیں، رسائل اور مطبوعات پیش کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ فنون لطیفہ سمیت ثقافتی ورثہ سے متعلق متعدد کام بھی نمائش کے لئے پیش کئے گئے ہیں اور یہ سب نمائش اور پویلین میں آنے والوں کے لیے کشش کا مرکز ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا، " پویلین میں وزیٹرزکا ٹرن آؤٹ دن بدن بڑھ رہا ہے اور ہمیں دیکھنے والوں کی طرف سے زبردست ردعمل مل رہا ہے۔ ہم نے وزیٹرز کی آراء اور تاثرات جاننے کے لئے ایک ریکارڈ بک بھی رکھی ہے اور جس میں وزیٹرز اپنے مشاہدات اور اراء کو تحریر کر رہے ہیں۔ نمائش کے اختتام پر ان مشاہدات اور اراء کا جائزہ لیا جائے گا اور انھیں مدنظر رکھتے ہوئے ایسے فورمز میں شرکت کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔"
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس نمائش میں (300) سے زیادہ مختلف اور متنوع اشاعتیں شامل ہیں جو تحقیق اور تحریر سے لیکر اشاعت تک پوری طرح سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی تیار کردہ ہیں اور یہ ایک ایسی خصوصیت ہے جو اس پویلین کوتمام نمائش میں ممتاز کرتی ہے۔