روضہ مبارک حضرت عباس کے شعبہ تربیت واعلی تعلیم سے وابستہ الکفیل یونیورسٹی کی جانب سے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر ایک مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ اس مجلس عزاء کا انعقاد یونیورسٹی کی پریزیڈنسی بلڈنگ کے ہال میں کیا گیا تھا جس میں یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر نورس الدہان ، پروفیسرز، سٹاف اور طلباء کے ایک گروپ نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز نجف میں قرآن انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر قاری مہند المیالی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد شیخ عبداللہ الدجیلی نے مجلس سےخطاب کرتے ہوئے امام جعفر الصادق علیہ السلام کی سیرت طیبہ کے متعدد پہلووں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح امام علیہ السلام تمام آزمائشوں اور فتنوں کے باوجود اپنے آباء و اجداد کا پیغام پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔
شیخ عبداللہ الدجیلی نے امام علیہ السلام کی علمی خدمات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ علیہ السلام نے اپنی حکمت و بصیرت سے دینا پر علم اور سائنس کے دروازے کھولے اور دنیا کو علم و عرفان کے خزانوں سے مالا مال کیا اور طالب علم آج بھی علم و آگہی کے ان خزانوں سے مستفید ہو رہے ہیں اور رہتی دنیا تک مستفید ہوتے رہے گے۔
شیخ عبداللہ الدجیلی نے امام علیہ السلام کی المناک شہادت کے واقعہ کو بھی بیان کیا۔
الشيخ عبد الله الدجيلي نے اپنے خطاب میں وعظ و نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ امام جعفر صادق کی عظیم شخصیت پر مسلسل اور انتھک کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آئمہ علیہ السلام کی زندگی کا ہر قدم ہمارے لیے مشعل راہ ہے ان کی زندگی کا ہر پہلو صحیفہ رشد و ہدایت ہے۔
واضح رہے کہ الکفیل یونیورسٹی اہل بیت علیہم السلام کی تمام مناسبات بشمول جشن ولادت اور ایام شہادت کے احیاء کے لئے تیار کردہ شیڈول کے مطابق محققین ، مبلغین اور مفکرین کی میزبانی کرتے ہوئے پروگرامز اور عزائی تقریبات کا انعقاد کرتی ہے۔