روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد الصافی (دام عزّه) نے آج جمعہ کی سہ پہر ایتام کے ایک گروپ سے ملاقات کی جو(اكفل موهبة) پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہیں۔
(اكفَلْ موهبة) پروجیکٹ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جناب عمرو العُلا الكفائيّ نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا کہ "(اكفَلْ موهبة) پروجیکٹ ایتام اور ان نوجوانوں کے لئے ہے جو خیراتی اداروں کی سرپرستی میں ہیں تاکہ ان نو عمر بچوں اور جوانوں کی نشوونما، دیکھ بھال اور تربیت میں اپنا حصہ ڈالا جا سکے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے اور انھیں نفسیاتی، فکری اور علمی طور پر بحال کیا جا سکے۔ یہ گروپ اس منصوبے کے ضمن میں منعقد کردہ پہلے پروگرام کا حصہ ہے اور اس پروگرام کی اہم سرگرمیوں میں فری و ثقافتی لیکچرز، ورکشاپس، ادبی و معلوماتی مقابلوں کا انعقاد اور اور شخصیات سے ملاقاتیں شامل ہیں، جس میں اس پراجیکٹ کے بانی اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی سے ملاقات کا اعزاز بھی شامل ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "سید احمد الصافی (دام عزّه) نے اس پروگرام کے پہلے مرحلے اور اگلے مرحلے کی اہم سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور شرکاء کی ذہنی، فکری اور نفسیاتی صلاحیتوں پران کےمثبت اثرات اور ترقی کے بارے میں بھی بات کی۔ "
انہوں نے کہا، "ملاقات کے اختتام پرسید احمد الصافی(دام عزّه) نے اس پروگرام کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی سفر کو محنت اور لگن کے ساتھ جاری رکھیں اور اس بابرکت پروجیکٹ کے ذریعے ان کی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کو نکھارنے اور انھیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انھوں نے پراجیکٹ مینجمنٹ اور شعبہ تعلقات عامہ کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ یہ منصوبہ عراق میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے، اور دو محوروں پر کام کرتا ہے، پہلا خیراتی اداروں کے ساتھ مل کر یتیموں کی نشوونما و تربیت کرنا اور ان کی صلاحیتوں کونکھارنا ، اور دوسرا محور ان نوجوانوں معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لئے انھیں سپورٹ کرنا ہے۔