سن 2012 اور2013 کے تعلیمی سال میں عراقی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پہلی پوزیشنیں لینے والے طلاب روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی ضیافت میں ......

محفل کی جانب ایک نظر
بروز جمعہ 14 ربیع الثانی بمطابق 14 فروری2014 کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام ہال میں سن 2012 اور2013 کے تعلیمی سال میں عراقی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پہلی پوزیشنیں لینے والے طلاب کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک تقریب منعقد ہوئی کہ جس میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل، مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے اساتذہ، پہلی پوزیشنیں لینے والے طلاب اور ان کے والدین نے شرکت کی۔
یہ تقریب فدیة الکفیل الوطنی پروگرام کا حصہ ہے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں گزشتہ چند سالوں میں فدیة الکفیل کے نام سے ایک پروگرام طے کیا ہے کہ جس کے تحت روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ادارہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلاب کو پڑھائی میں محنت اور تعلیمی میدان میں فوقیت حاصل کرنے کے رجحان کو مختلف طریقوں سے پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے اور ان کے اندر دینی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کا بھی شعور پیدا کرتا ہے۔
پوزیشن ہولڈر طلاب کے اعزاز میں منعقد ہونے والی اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا کہ جس کے بعد عراق کا قومی ترانہ اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا مخصوص ترانہ پڑھا گیا۔
اس کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد صافی نے خطاب کیا اور پوزیشن ہولڈر طلاب اور ان کے والدین اور اساتذہ کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی علامہ صافی نے اپنے خطاب کے دوران کہا: کہ استاد کا اپنے شاگرد پر بہت گہرا اثر ہوتا ہے اور وہ طالب علم کی شخصیت پر بھی کافی اثر انداز ہوتا ہے چاہے یہ اثر ایجابی ہو یا سلبی۔ اگر استاد علم دوست اور علمی مواد کا احترام کرنے والا ہو تو وہ طالب علم کے ذہن میں جا کر اسے لاشعوری طور پر علم کا محب بنا دیتا ہے ۔
استاد کو چاہیے کہ وہ طلاب کو وطن سے محبت اور ہر مکتب فکر کے نظریات کے احترام کی تعلیم دے۔
علامہ صافی نے طلاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے ماحول میں بہت سی ایسی چیزیں ہوتی ہیں کہ جوطالب علم کی توجہ ادھر ادھر کر دیتی ہیں لیکن ہر صورت میں علمی میدان میں سب سے آگے بڑھنا ایک ایسا محور ہے کہ جو باقی رہتا ہے اور اپنی اہمیت کو سب کے لیے واضح کرتا ہے لہٰذا طالب علم کو فقط علمی میدان میں آگے بڑھنے اور سب سے فوقیت لینے کو اپنا ہدف مقرر قرار دیتا ہے۔
علامہ صافی کے بعد عراق کی ٹیکنیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر ابراہیم صابری نے خطاب کیا اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا اس تقریب کے انعقاد اور طلاب اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد تمام عراقی یونیورسٹیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے نہرین یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر باسم عبدلی نے خطاب کیا اور اپنے خطاب کے دوران کہا کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے پوزیشن ہولڈر طلاب کے اعزاز میں منعقد اس تقریب اور اس قدر حوصلہ افزائی نے طلاب کی ذمہ داریوں میں اضافہ کر دیا ہے اور انہیں یہ باور کروا ہے کہ ان کا ملک پوری دنیا سے فوقیت حاصل کرنے کے لئے ان کی ایجادات اور علمی انکشافات کی انتظار میں ہے۔
اس تقریب کے اختتام میں عراقی شاعر علی سفار کا لکھا ہوا ملی ترانہ پڑھا گیا اور اس کے بعد طلاب میں اعزازی سندیں اور شیٹس تقسیم کی گئیں۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: