روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ فکرو ثقافت سے وابستہ ام البنین وویمن لائبریری نے کربلا گورنریٹ کی طالبات کے لئے "سمر پروگرام " کے عنوان سے ایک علمی پروجیکٹ شروع کیا ہے اس منصوبے کے ضمن میں منعقد کردہ پہلے پروگرام میں ام البنین وویمن لائبریری نے العمید اسکولز کی (230) طالبات کی میزبانی کی۔
اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد لائبریری اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا، طالب علموں میں کتاب اور مطالعہ کی ثقافت کو عام کرنا اور انھیں کتابیں پڑھنے کی ترغیب دینا اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
لائبریری کی ڈائریکٹر محترمہ ابتسام عطا نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا، "لائبریری نے اپنے مرتب کردہ منصوبوں کے تحت تعلیمی اداروں کے لیے بہت سی علمی سرگرمیوں اور تقریبات جو اس اہم شعبے کی ترقی میں معاون ہیں،کا انعقاد کیا ہے اور "سمر پروگرام " بھی انہی سرگرمیوں کا حصہ ہے تاکہ طالبات کے فارغ اوقات کو مفید اور ثمرآور بنایا جا سکے۔ "
انہوں نے مزید کہا، " پروگرام کے آغاز میں طالبات نے لائبریری کے مختلف سیکشنز اور یونٹس کا دورہ کیا جس کے بعد مسز اظہر عبدالجبار نے لائبریری کے ورک میکنزم، سسٹم اور لائبریری میں دسیتاب کتابوں اور معلومات کی تلاش کرنے کے طریقہ کار پر ایک سیر حاصل لیکچر دیا۔ آخر میں انھوں نے طالبات کو (فرینڈز آف دی لائبریری) کی الیکٹرانک ایپلی کیشن ، لائبریری کی ویب سائٹ، شائع شدہ بروشرز اور کتابوں سے استفادہ کرنے اور یونٹ کے ساتھ بات چیت کرنے کے طریقوں کے بارے میں بھی تفصیلی وضاحت پیش کی۔۔"
طالبات نے لائبریری کے عملے کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور ان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔