امام جعفر صادق(ع) فرماتے ہیں جب محرم کا چاند نظر آتا ہے تو فرشتے امام حسین(ع) کی خون آلود قمیض پھیلا دیتے ہیں ہم اور ہمارے چاہنے والے اسے آنکھوں سے نہیں بلکہ بصیرت سے دیکھتے ہیں اور اس سے حزن ملال اور سوگ کی کیفیت میں آ جاتے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے کیئر سیکشن کے ارکان نے محرم کے قریب آتے ہی پورے حرم میں سیاہ چادروں، اور محرم الحرام کے حوالے سے مختلف بینروں کو آویزاں کرنا شروع کر دیا ہے اور محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی عزاداری کے حوالے سے بھی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
مذکورہ سیکشن کے ڈاریکٹر زین الدین قرشی نے بتایا ہے کہ ہمارے سیکشن کے ارکان نے ہدایا و نذورات کے شعبہ کے تعاون سے پورے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں عزائی بینروں، سیاہ چادروں اور سیاہ عَلَموں کو نصب کرنے کا کام شروع کر دیا ہے اور پہلی محرم کی رات عَلَم کی تبدیلی سمیت تمام عزاداری کے پروگراموں کی تیاری بھی کافی حد تک مکمل کر لی ہے۔